منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام تنظیمات کیمپ برائے کارکنان 2012ء

مورخہ: 28 جون 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 28 جون 2012ء کو تنظیمات کیمپ برائے کارکنان منعقد ہوا۔ کیمپ کے پہلے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ مرکزی نائب ناظمہ محترمہ ساجدہ صادق نے کیمپ کے مقاصد بیان کیے۔ کیمپ کا پہلا لیکچر "تنظیمی نیٹ ورک پر توسیع" کے عنوان پر ہوا جس پر مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ نوشابہ ضیاء نے بڑے احسن انداز میں گفتگو کی۔

اس کیمپ کا دوسرا لیکچر محترمہ ساجدہ صادق نے "یونین کونسل اور یونٹ لیول تک تنظیم سازی کرنا" کے موضوع پر دیا جس میں انہوں نے ورکنگ پلان کو بریف کیا۔ اس سیشن کا اگلا لیکچر مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد اور مرکزی نائب ناظمہ تربیت افنان بابر نے دیا جس میں انہوں نے بہترین انداز میں ملٹی میڈیا کو استعمال کر کے نظامت تربیت کے ورکنگ پلان اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر مرکزی نائب ناظمہ دعوت محترمہ نائلہ جعفر نے کیمپ کے شرکاء سے دعوت کے پروجیکٹس پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مرکزی ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز محترمہ شاکرہ چوہدری نے اس سیشن کا آخری لیکچر  دیا جس میں انہوں نے ملٹی میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے MSM سسٹرز کے مقاصد، ورکنگ پلان، تنظیمی و انتظامی ذمہ داریوں اور سرگرمیوں کو بریف کیا۔ انہوں نے MSM کی جانب سے شیخ الاسلام کے ساتھ اپنے جذبات کی ترجمانی بھی کی۔

پہلے دن کے دوسرے سیشن میں محترمہ ساجدہ صادق نے تحریک کی رفاقت کا مقصد بہت خوبصورت انداز میں سمجھایا۔ کیمپ کے شرکاء سے سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض کی خصوصی نشست ہوئی۔ جس میں انہوں نے تحریک کے مختلف ورکنگ ادوار کو بریف کرتے ہوئے قائد تحریک کے ساتھ اخلاص، محبت اور خصوصی تعلق کو پختہ کرنے پر زور دیا۔

حسب روایت کیمپ کے دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ امیر پنجاب احمد نواز انجم نے لیکچر دیتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد اور ان کے فقید المثال استقبال کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ اسی روز مرکز پر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو مرکز تشریف لانے پر ایک خصوصی استقبالیہ تقریب رکھی گئی جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات نے بھی نمائندگی کی۔ تنظیمات نے حسین بھائی کی آمد پر بھرپور جوش اور ولولہ کا اظہار کیا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کارکنان سے تربیتی پہلو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کی منزل مصطفوی معاشرہ اور معاشرہ مرتضی ہے۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت مبارکہ سے تحریک اور اس کے مقاصد کی عظمت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نہایت جامع انداز میں قرآن پاک اور اسماء حسنی سے وضاحت کی کہ ہر شعبہ زندگی میں رہتے ہوئے انسان رضائے الہی حاصل کر سکتا ہے۔ بعدازاں تقریب کے افتتاحی کلمات اور دعا صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی نے کی۔

محترم سینئر نائب ناظم اعلی، محترمہ رافعہ علی قادری اور محترمہ عائشہ شبیر کے ساتھ تنظیمات کے خصوصی نشست رکھی گئی۔ جس میں استقبال قائد کے حوالے سے خصوصی Motivation دی گئی۔ محترمہ رافعہ علی قادری نے تنظیمات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ محبت کا تعلق قائم کریں اور ان کی بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا رہیں۔ محترمہ عائشہ شبیر نے شرکاء کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان مسلسل جدوجہد اور محنت جاری رکھیں تاکہ شیخ الاسلام کا والہانہ استقبال کر سکیں۔ سینئر نائب ناظم اعلی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جن کا پھلایا ہوا یہ تنظیمی نیٹ ورک نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تین ماہ میں بھرپور ورکنگ کریں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک شیخ الاسلام کی فکر کو پہنچائیں۔

کیمپ کے تیسرے دن تنظیمات کے ساتھ نشست کے لیے دختر قائد محترمہ فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت کارکنان کے لیے انتہائی Motivation کا باعث تھی۔ محترمہ فضہ حسین قادری نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام وہ شخصیت ہیں جنہوں نے امت مسلمہ کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا اور آج تحریک منہاج القرآن سے وابستہ لاکھوں کارکنان کا یہ قافلہ شیخ الاسلام کی قیادت میں رواں دواں ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شیخ الاسلام کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں اور ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے مصطفوی مشن کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان آج ہی سے محنت شروع کریں تاکہ استقبال قائد کے لیے خواتین کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے بعد تنظیمات کی غیر معمولی کارکردگی پر اسناد تقسیم کی گئیں۔ محترمہ ساجدہ صادق نے اختتامی کلمات میں کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنے جذبوں کو تازہ رکھنے اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔ کیمپ کا اختتام محترمہ افنان بابر کی دعا پر ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top