دروس عرفان القرآن (چیچاوطنی): چوتھا دن
رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں تحریک منہاج القرآن چیچاوطنی کے زیراہتمام چوتھا پانچ روزہ درس عرفان القرآن بعد از نماز فجر ٹینکی پلاٹ نزد مرکز اہلسنت نورالمساجد میں منعقد ہوا۔ درس عرفان القرآن کے آغاز قاری ریحان علی چشتی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جس کے بعد محسن علی ہاشمی نے نعت رسول مقبول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
"آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے لازوال موضوع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی تربیت یافتہ سکالر علامہ محمد افضال قادری (نائب ناظم دعوت منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے محبوب رحمتہ العالمین ہمارے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم سے عہد وفا کیلئے چار شرائط لازمی ہیں، اللہ تعالی اور آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم پر دل وجان سے ایمان لانا، محبت و اتباع کرنا، آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی حد سے زیادہ تعظیم، اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کے دین کی خدمت کرنا اوردین مصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی کامل اتباع کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کا تقاضا صرف زبان سے ہی ماننا نہیں بلکہ دل و جان اور عمل سے ماننا ہے۔ وفا کے صرف نعرے نہیں بلکہ عشق و مستی کے ساتھ محبت واتباع کرنا ہے۔ جو مسلمان اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کا ادب واتباع کرتا ہے وہ درحقیقت اللہ تعالی کا ادب کرتا ہے۔
بیداری شعور مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے کہا علامہ محمد افضال قادری نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر موجودہ نظام فراڈ اور ظلم ہے اسے بدلنے کے لئے ہر شعبہ زندگی سے قابل ایماندار لوگوں پر مشتمل نگران حکومت بنائی جائے جو اس ظالمانہ نظام کو بدل کر متناسب نمائندگی کا نظام بنا کر شفاف انتخابات کرائے اور اقتدار قابل اور اہل حکومت کے سپرد کرے۔
انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں شامل ہونے کی بھر پور دعوت دی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بے شمار موضوعات اور دورہ انڈیا کے بے مثال خطابات سن کر درستی عقائد کی بھی دعوت دی۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
رپورٹ: حبیب الرحمان سعیدی (ناظم نشرواشاعت تحریک منہاج القرآن چیچاوطنی)
تبصرہ