رمضان المبارک میں مہنگائی کے عظیم طوفان نے پاکستانی عوام کو اپنے نرغے میں لے لیا ہے : شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 04 اگست 2012ء

حکومت نے عوام کو ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا
تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی جھنگ سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو

رمضان المبارک میں مہنگائی کے عظیم طوفان نے پاکستانی عوام کو اپنے نرغے میں لے لیا ہے۔ توقع تھی کے ارباب حکوت اپنے اقتدار کی باہمی رسہ کشی سے کچھ وقت نکال کر غریب عوام کے سلگتے ہوئے مسائل کی طرف دھیان دیں گے مگر حکمرانوں نے عوام کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہ دی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے سینیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے مرکزی سیکرٹریٹ میں جھنگ سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ حکومت کو نہ تو غربت اور مہنگائی سے عوام کی ہلاکتوں اور انفرادی و اجتماعی خود کشیوں کے تدارک سے غرض ہے اور نہ ہی ملک کی سلامتی اور ملکی وقار کا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیاء خورد و نوش کی قلت اورقیمتوں میں ہوشرباء اضافے نے عوام کو نڈھال کر کے رکھ دیا ہے۔ آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کی وجہ سے غریب عوام کے لیے سحری وافطاری کا اہتمام انتہائی مشکل ہے۔ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں کسی بھی اسلامی ملک کی حکومت کو اشیائے ضروریہ کی عام اور ارزاں دستیابی کو ضروری بنانا ہوتا ہے لیکن حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دیگر غیر ضروری کاموں سے صرفِ نظر کر کے غریب عوام کو رمضان المبارک میں اشیائے خوردو نوش کی ارزاں فراہمی اور ملک کی سلامتی کے حوالے سے ضروری اقدامات کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top