منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر انتظام غزوہ بدر کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کیا گیا

مورخہ: 06 اگست 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (اباراکی کین، جاپان)کے زیر انتظام مرکز المصطفیٰ پرمورخہ 06 اگست 2012ء کو عظیم الشان غزوہ بدر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں گردونواح سے احباب نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز پاکستان سے تشریف لائے قاری محمد جمیل شاہد نے خوبصورت عربی لہجہ میں تلاوت کلام پاک سے کیا، اس کے بعد قرآن خوانی کی گئی اور شہدائے بدر کو خصوصی دعاؤں میں سلام عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے ادا کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل (ابارکی کین، جاپان) کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے غزوہ بدر کے اسباب، واقعات اور نتائج پر خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ غزوہ بدرکو تمام اسلامی غزوات کاسرتاج ہونے کا شرف حاصل ہے، اس غزوہ کے شرکاء نے جہاں جرات وبہادری کی انوکھی مثالیں قائم کیں وہیں انہوں نے اللہ رب العزت کی قدرت اور غیبی مدد کے مظاہر اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ مسلمانوں کی تعداد بہت تھوڑی تھی، اسلحہ بھی نہ ہونے کے برابر تھا مگر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معیت اور سنگت نے جنگ کا رنگ ہی بدل دیا۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے مزید کہا کہ غزوہ بدرسے جو سبق ملتا ہے وہ یہ ہے کہ جنگ میں فتح صرف اسلحہ کی کثرت اور افرادی قوت کی بنا پر حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کی بنادی شرط ایمان ویقین، اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور استقامت ہے۔ دوسرا یہ کہ جب تک مسلمان حق پر ثابت قدم رہیں گے اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑے رکھیں گے اللہ کی مدد حاصل رہے گی اور مسلمان غالب رہیں گے۔ منہاج القرآن کے کارکن بھی استقامت اور اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیکر بن کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دست وبازو بن جائیں اور ہر قربانی کے لئے تیار ہوجائیں کیونکہ پھر ایک معرکہ حق وباطل بپا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے شاندار اور کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top