ستائیسویں شب کا عالمی روحانی اجتماع آج ہوگا، شیخ الاسلام خصوصی خطاب و دعا کریں گے

مورخہ: 15 اگست 2012ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 22 ویں سالانہ شہر اعتکاف میں ستائیسویں شب کا عالمی روحانی اجتماع آج 15 اگست 2012ء کو ہوگا۔ بغداد ٹاون میں جامع المنہاج کے ساتھ متصل وسیع و عریض گراؤنڈ میں عالمی روحانی اجتماع کے لیے تمام انتظامات ایک روز قبل ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جہاں ہزاروں شرکاء کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

عظیم الشان سالانہ عالمی روحانی اجتماع میں ملک بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام، دانشور، دینی، سماجی، سیاسی، تاجر تنظیموں کے سربراہان اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دنیا بھر سے فرزندان اسلام بھی شرکت کریں گے۔ پنڈال میں لاکھوں افراد کے بیٹھنے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پروگرام میں ہزاروں خواتین بھی شرکت کررہی ہیں، جن کے لیے پنڈال میں الگ باپردہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ یورپ، پیرس، خلیجی ممالک، وسطی ایشاء اور دنیا کے دیگر ممالک سے بھی سینکڑوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پروگرام میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ چکے ہیں۔

عالمی روحانی اجتماع کا آغاز نماز تروایح کے فوری بعد شب ساڑھے دس بجے ہوگا۔ پروگرام کا پہلا مرحلہ شب بارہ بجے تک جاری رہے گا۔ جس میں تلاوت اور محفل نعت کے علاوہ صلوٰۃ التسبیح باجماعت ادا کی جائے گی۔ پروگرام میں وطن عزیز کے نامور قراء حضرات کے علاوہ نعت خواں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

عالمی روحانی اجتماع کے دوسرے مرحلے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب اور پروگرام کے اختتام پر دعا کریں گے۔ پروگرام کو منہاج ٹی وی کے علاوہ ملک بھر سے مختلف ٹی وی چینلز کے ذریعے براہ راست نشر کیا گیا جائے گا۔ جامع المنہاج کے اردگرد سٹرکوں پر بڑی بڑی ڈیجیٹل سکرین لگائی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے شرکاء کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے بروقت اجتماع گاہ میں پہنچ جائیں۔

عالمی روحانی اجتماع کی سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے پولیس انتظامیہ سمیت منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top