بارسلونا (سپین) میں عید الفطر کا مرکزی اجتماع اسپورٹس ہال میں منعقد ہوا

مورخہ: 19 اگست 2012ء

بارسلونا (سپین) میں عید الفطر کا مرکزی اجتماع مورخہ 19 اگست 2012ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل (سپین) کے زیر اہتمام اسپورٹس ہال Raval میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔ نمازیوں کی کثیر تعداد کی وجہ سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 3جماعتیں کرائی گئیں۔اجتماع میں سوشلسٹ پارٹی کے راہنماء Jose Maria Sala نے بطور مہمان شرکت کی۔منہاج القرآن یوتھ لیگ (سپین) کے نوجوانوں نے سیکورٹی اور انتظامات کی ذمہ دارایاں سرانجام دیں۔

نماز عید کی پہلی جماعت 8 بجے حافظ محمد عابد، دوسری جماعت 8:45 پر حافظ محمد عمران اور تیسری جماعت 9:30 پر علامہ خان محمد چشتی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔علماء کرام نے نماز کی ادائیگی سے قبل حاضرین کو قرآن وسنت کی روشنی میں رمضان المبارک، لیلۃ القدر، لیلۃالجائزہ اور عیدکے فضائل واحکامات کے بارے میں بتایا۔اس پر مسرت موقع پر سوشلسٹ پارٹی کے رہنماء Jose Maria Sala نے مسلمانان بارسلونا کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ ان کے ہمراہ سوشلسٹ پارٹی کی امیگریشن کمیٹی کے سیکرٹری حافظ عبدالرزاق صادق، کاتالان فیڈریشن کے صدر طارق حفیظ عباسی اور سوشلسٹ پارٹی کے Eernesto Carrion بھی موجود تھے۔ منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری نے اتوار (چھٹی) کے دن کے باوجود صبح 8 بجے مسلمانوں کے تہوار میں آمد پر ان کاشکریہ ادا کیا جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے نوید احمد اندلسی نے معزز مہمان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

سال 2012ء میں مالی معاملات میں منہاج القرآن بارسلونا سے خصوصی تعاون کرنے پر غلام قمرالدین، محمد انیس، عادل اختر اور محمد ناصر کو اعزازی اسناد پیش کی گئیں، اسی طرح ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں معتکفین کی خدمت کرنے پر عادل تندوری ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر الحاج قاری عبدالرحمن کو اور ماہ رمضان میں منہاج القرآن بارسلونا کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر چودھری طارق مہدی گجر کو بھی اعزازی سندپیش کی گئی۔

اسپورٹس ہال کے اندر انتظامی معاملات اور اسپورٹس ہال سے باہرسیکورٹی کی ذمہ داریاں منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں صدر یوتھ لیگ بلال یوسف کی قیادت میں احسن طریقہ سے سرانجام دیں۔اس کے علاوہ منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے 2 سیکورٹی گارڈز بھی کنٹریکٹ کئے گئے۔ہال کے داخلی دروازے پرانتظامیہ کی طرف سے تمام نمازیوں کو جوتے رکھنے کے لئے شاپر مہیا کئے گئے، تاکہ نماز کی ادائیگی کے بعد ان کو اپنے جوتے تلاش کرنے میں مشکل پیش نہ آئے اور اس طرح اگلی نماز کے لئے ہال جلد از جلد خالی ہو سکے۔ اس دوران خرم شبیر قادری منہاج ٹی وی ٹیم کے ہمراہ اجتماع کی ویڈیو کوریج کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف لوگوں کی آراء اور تبصرہ جات بھی لیتے رہے ۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top