منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام بیداری شعور کنونشن

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بیداری شعور کنونشن 8 ستمبر 2012 کو گلفشاں کالونی میں منعقد ہوا جس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کی ضلعی صدر باجی فاطمہ سجاد نے کی۔ جبکہ قمر النساء خاکی، حاجی محمد عباس، جعفر حسین، حافظ رب نواز نجم اور حافظ سرفراز سیالوی نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں خواتین کی کثیر تعداد کنونشن میں شریک تھی۔

کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

اس موقع پر ضلعی ناظم تحریک انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قیادت کے بدترین بحران کا شکار ہے اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر براجمان لیڈر نہیں ہے اور حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہے، عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال سکے۔

انہوں نے کہا آج کے مادیت زدہ معاشرے نے خاندانی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے، والدین کی عزت رسم تک محدود ہوتی جارہی ہے فلاحی ادارے بوڑھے والدین کی پناہ گاہ بن رہے ہیں اور اولاد دنیا کمانے میں مست ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو والدین سے محبت اور ادب سکھایا جائے اور انہیں بھولا ہوا سبق یاد دکرایا جائے۔

ضلعی ناظمہ ویمن لیگ باجی فرحت دلبر قادری نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے مقتدر طبقوں کو احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظر سیاستدان طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے، ملک اور عوام کے حال پر رحم کرے اور اپنی تمام تر صلاحتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکو ز رکھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top