تحریک منہاج القرآن (چکوال) کے زیراہتمام بیداری شعور ورکرز کنونشن
چکوال (علی خان) تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیراہتمام بیداری شعور نظام بدلو ورکرز کنونشن کا انعقاد مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں مہمان خصوصی ملک مظفر خان ڈویژنل کوآرڈینیٹر تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نعت کی صورت میں پیش کیے گئے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 65 سالوں کے اندر جمہوریت کے نام پر قوم سے جو دھوکہ بار بار ہورہا ہے اس سے قوم کو باہر نکلنا ہوگا اور پہچاننا ہوگا کہ اصل ہمارا دشمن کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دشمن یہ سیاسی پارٹیاں نہیں اور کوئی ایک سیاسی پارٹی اس کی ذمہ دار نہیں بلکہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ہمارا دشمن ہے، ان شاءاللہ اگر قوم نے ساتھ دیا تو ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اس نظام کو دریا بردکر دیں گے۔
سہیل محمود جنجوعہ نے کہا کہ اس وقت نہ صرف ہماری تحصیل کی تمام یونین کونسل کے اندر تنظمات قائم ہیں بلکہ ہر یونین کونسلز کے آگے تقریبا 5 یونٹ قائم ہیں جو کہ تنظیمی اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی تنظیم ہے اور ان شاءاللہ مینار پاکستان کے اندر جلد بہت بڑا جلسہ ہوگا جس کی کارکن بھر پور تیاری کریں۔
اس موقع پر ملک مظفر خان، طاہر ایڈووکیٹ، مجاہد حسین، ملک احسان محفوظ، حاجی عبدالغفور شیخ، حاجی صفدر حسین، توقیر عباس مغل چوہدری غلام اکبر کوٹ چوہدریاں اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جن تنظیمات اور کارکنان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان میں سند حسن کارکردگی بھی تقسیم کی گئی۔ پروگرام میں تمام یونین کونسلز اور یونٹ کی نمائندگی تھی۔
تبصرہ