علامہ محمد شریف کمالوی کو ایم فل کی تکمیل پر مبارکباد
گزشتہ روز مرکزی نظامت تربیت کے شعبہ کورسز (عرفان القرآن) کے نگران سینئر نائب ناظم تربیت محمد شریف کمالوی کی ایم فل کی تکمیل پر ان کے اعزاز میں منہاج ٹریننگ اکیڈمی میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مرکزی ناظم تربیت محترم غلام مرتضیٰ علوی، محترم بشیر خان لودھی ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ٹریننگ اکیڈمی، محترم پروفیسر محمد اشرف ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، محترم عبدالستار منہاجین (ڈائریکٹر MIB)، محترم منہاج الدین، محترم احمد فاروق حیدر، محترم حافظ عبدالماجد، محترم قاری محمد اسمعیل، محترم عباس نقشبندی، محترم بشیر جان، محترم محمد وسیم، محترم محمد ظہیر اور دیگر قائدین اور احباب نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت محترم حافظ محمد عبدالماجد نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محترم احمد فاروق حیدرنے حاصل کی۔ محمد شریف کمالوی نے اپنے تحقیقی مقالے "پاکستان میں گداگری کا مسئلہ اور اسلامی تعلیمات " کی تفصیلات بیان کیں اور مقالے کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ دوران تحقیق پیش آنے والے دلچسب واقعات کا تذکرہ کیا۔ محترم غلام مرتضی ٰعلوی ناظم تربیت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محترم محمد شریف کمالوی ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ تحقیق کا میدان ہو یا تدریس کا، کورسز کے فروغ کی جدوجہد ہو یا لٹریچر کی تیاری، محترم محمد شریف کمالوی نےغیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔
محترم بشیر خان لودھی (ڈپٹی ڈائریکیٹر منہاج ٹریننگ اکیڈمی) نے محمد شریف کمالوی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ محترم محمد شریف کمالوی ایم فل کی تکمیل کے بعد ہمارے تعلیمی کورسز کی ذمہ داری مزید لگن اور توجہ سے سرانجام دیں گے اور کورسز میں مزید بہتر ی لائیں گے۔ محترم عبدالستار منہاجین (ڈائریکٹر MIB) نے کہا کہ ہمیں انتہائی خوشی ہے کہ ہمارے ایک اور منہاجین بھائی نے ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ اس پرانہوں نے محمد شریف کمالوی کو اپنے جملہ سٹاف کیطرف بھی خصوصی مبارکباد پیش کی۔
اس کے بعد تمام دیگر حاضرین محمد عبدالماجد، احمد فاروق حیدر، شہزاد رسول قادری ،محمد عباس نقشبندی، قاری محمد اسماعیل سعیدی، محمد منہاج الدین نے بھی اظہار خیال کیا اور محترم محمد شریف کمالوی صاحب کو مبارک باد پیش کی۔ محمد وسیم اور محمد ظہیر نے کمالوی صاحب کو پھول پیش کیے۔ آخر میں جملہ مہمانانِ گرامی اور تمام حاضرین کی تواضع کی گئ اور محترم محمد شریف کمالوی صاحب کے لیے مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ