معصوم ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت اور نفرت انگیز اقدام ہے۔ نوشابہ ضیاء

پوری قوم ہونہار بیٹی ملالہ یوسف زئی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرے
اللہ تعالیٰ ملالہ کوزندگی عطا کرے تاکہ عزم و ہمت اور علم و شعور کے اس چراغ سے چراغ جلتے رہیں
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام معصوم طالبہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب

سفاک درندوں اور انسانیت کے دشمنوں نے ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا انسانیت اور اسلام سے کوئی تعلق نہی ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے قلم سے جہاد کیا۔ حکومت ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ ایسے غیر اخلاقی اور انسانیت سوز فعل میں ملوث عناصر کوگرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں معصوم طالبہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر شاکرہ چوہدری، سدرہ کرامت، ارشاد اقبال، فریدہ سجاد اور رافعہ علی کے علاوہ سینکڑوں خواتین بھی موجود تھیں۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ اسلامی روایات میں جنگوں کے دوران بھی خواتین اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا لیکن یہ کیسے انسانیت دشمن عناصر ہیں جنہوں نے امن اور تعلیم کیلئے کام کرنے والی ایک معصوم بچی کو ظالمانہ اور بزدلانہ طریقے سے نشانہ بنانے سے بھی گریز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کا فوری سراغ لگا کر، گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور پوری قوم اپنی اس ہونہار بیٹی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرے۔ انہوں نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو اللہ تعالیٰ زندگی عطا کرے تاکہ عزم و ہمت اور علم و شعور کے اس چراغ سے دوسرے چراغ جلتے رہیں کیونکہ یہی چراغ ان اندھیروں میں روشنیوں کی علامت ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top