پشاور : مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس کے موقع پر حلقہ درود کا انعقاد

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ضلع پشاور کے زیراہتمام مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس کے موقع پر نہایت پُرمسرت اور بابرکت تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس سید یحییٰ زاہد گیلانی (جسٹس شریعہ کورٹ پشاور) اور سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت شاہ قبول اولیاء پشاور تھے۔

اس تقریب کا اہتمام اسوہ ماڈل سکول گل بہار پشاور میں کیا گیا، پروگرام کا  آغاز 5 بجے بعد از نماز عصر تلاوت کلام مجید سے کیا گیا، جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ اس کے بعد نماز مغرب تک حلقہ درود و سلام جاری رہا۔ نماز مغرب کی باجماعت ادائیگی کے بعد حاضرین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بذریعہ ویڈیو دکھایا گیا۔

اس پروقار تقریب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران کے علاوہ قائدین و کارکنان تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، پشاور کے مختلف سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز سے طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ کچھ مہمان نوشہرہ سے بھی تشریف لائے تھے۔

حاضرین سے اظہار خیال کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پشاور کے پہلے کوآرڈینیٹر اور موجودہ ضلعی ناظم ایم ایس ایم پشاور محمد لیاقت نیازی، صدر منہاج القرآن ویلفیئر پشاور طارق درانی اور صدر نسیم مدینہ پشاور دلدار حسین نے ایم ایس ایم پشاور کی اس حسین کاوش کو نہایت عمدہ الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پشاور نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کو MSM کے یوم تاسیس کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے عظیم قائد سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں کہ سفر انقلاب میں ہم سب ہراول دستے کے طور پر سامنے آئیں گے اور ہمارا جینا مرنا مصطفوی مشن کیلئے ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے اغراض و مقاصد اور بیداری شعور مہم کا مختصر تعارف بھی کروایا۔

انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کلی بگاڑ کا شکار ہے اس لیے تحریک منہاج القرآن کا کردار بھی ہمہ جہت ہے اور پوری دنیا میں اسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم ان شاء اللہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ساتھ ہیں اور عظیم الشان بیداری شعور مہم میں ہر سطح پر تعاون کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اپنے من کی دنیا میں امن پیدا کریں جب باطن امن سے معمور ہو جائے گا تو معاشرے میں امن کے رویے پروان چڑھنا شروع ہو جائیں گے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان تقویٰ، عبادت اور اخلاص اختیار کریں۔ امن اور محبت کے کلچر کو معاشرے میں فروغ دینے پر محنت کریں، علم اور عمل میں پختہ ہو جائیں اور محبت کی تلوار سے نفرت کے رویوں کو کچل دیں۔ انہوں نے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو طلباء علم، عمل اور کردار میں پختگی پیدا کریں گے وہی آسمان عزت پر چمکیں گے، اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اس دھرتی پر مصطفوی انقلاب کا سویرا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں طلوع ہوگا۔

مقررین کے اظہار خیال کے بعد سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں طلبہ نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سوالوں کے جواب جسٹس یحییٰ زاہد گیلانی اور شفقت نیازی نے دیئے۔

تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، اور تمام مہمانان گرامی کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اس تقریب کے انعقاد میں نائب صدر ایم ایس ایم خیبر پختونخواہ عبدالجلیل طاہر، ناظم ایم ایس ایم نوشہرہ محمد شفقت نیازی، کوآرڈینیٹر ٹاؤن پشاور محمد علی طاہر، جنرل سیکرٹری ایم ایس ایم پشاور احمد رضا، اور صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ پشاور شاہد بیگ نے اہم کردار ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top