پوری قوم ملالہ یوسف زئی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرے : فیض الرحمن درانی

قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں
57 اسلامی ریاستوں کے حکمران سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں
معصوم طالبہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت، غریب پروری، باہمی گفت و شنید اور ایک دوسرے کے معاملات کو سمجھنے، برداشت کرنے اور انسانیت کے عزت و احترام و اتحاد کا سبق دیتا ہے۔ اسلام امن کا دین ہے لیکن کچھ عناصر اس میں دہشت گردی کا شر اور فساد برپا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ اسلامی روایات میں جنگوں کے دوران بھی خواتین اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا لیکن یہ کیسے انسانیت دشمن عناصر ہیں جنہوں نے امن اور تعلیم کیلئے کام کرنے والی ایک معصوم بچی کو ظالمانہ اور بزدلانہ طریقے سے نشانہ بنانے سے بھی گریز نہیں کیا۔ ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کا فوری سراغ لگا کر، گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں معصوم طالبہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے یوم دعا کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ ناظم اعلیٰ رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، خالد حسینی اور سید فرحت حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں لہذا آج کے دور پرفتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرناہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا تنگ نظری اور انتہا پسندی سے جنم لینے والی دہشت گردی نے وطن عزیز کے باسیوں کا سکون چاٹ لیا ہے۔ انسان کے روپ میں بھیڑیوں نے ملالہ جیسی معصوم، امن دوست اور محب وطن بیٹی پر گولی نہیں چلائی بلکہ انسانیت کو قتل کرنے کی بزدلانہ کو شش کی ہے۔ اس موقع پر ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی اس ہونہار بیٹی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرے ۔ اللہ تعالیٰ ملالہ یوسف زئی کو خوشیوں بھری نئی زندگی عطافرمائے۔ آمین

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top