شورکوٹ کینٹ (جھنگ) : عظمت رسول (ص) ریلی

تحریک منہاج القرآن شورکوٹ کینٹ ضلع جھنگ کے زیراہتمام مورخہ 28 ستمبر 2012 کو عظیم الشان عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ریلی کا انتظام وانصرام کیا گیا۔ جس میں منہاج القرآن کی تنظیمات کے علاوہ دیگر سیاسی وسماجی اور مذہبی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ جلوس سید لطف اللہ شاہ اور علامہ محمد شکیل ثانی ڈائریکٹر منہاج القرآن جاپان کی قیادت میں اپنے طے شدہ رستے سے ہوتا ہوا ریلوے اسٹیشن اور پھر رفیقی چوک پہنچا۔ ریلی میں شریک افراد نے کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر توہین آمیز فلم، اور عالمی امن کے علمبردار اداروں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء ریلی نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی میں شریک افراد نے محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفا داری کا بھرپور پیغام دیا۔ انتظامیہ بھی جلوس کے ساتھ چلتی رہی جبکہ میڈیا کے نمائندگان بھی اس ریلی کی کوریج میں مصروف رہے۔

اس پرامن ریلی کے لیے رفیقی چوک شورکوٹ کینٹ میں اسٹیج بنایا گیا جہاں مقررین نے اپنے اپنے الفاظ میں اس توہین آمیز فلم کی مذمت اور عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اجاگر کیا۔ علامہ سید حسن رضا منہاجین نے خوبصورت انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں ایسی فلم بنانا پوری انسانیت کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ تو پوری انسانیت کے لیے رحمۃ اللعالمین ہیں۔ اس لیے ایسے عمل سے امن دشمن قوتوں کو تقویت ملے گی۔ لہذا ہمیں ایسی گھناؤنی شازشوں کو بے نقاب کر کے ان کا سدباب کرنا ہو گا۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے پرجوش انداز میں تحریک منہاج القرآن کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجویز پر فی الفور عمل ہونا چاہیے اور حکومت پاکستان OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر متفقہ قرارداد کے ذریعے UN اور موثر ممالک پر دباؤ بڑھائیں کہ احترام مذاہب کیلئے قانون سازی کی جائے تا کہ اظہار رائے کی چھتری تلے توہین انبیاء کا مذموم عمل ہمیشہ کیلئے دم توڑ جائے۔ ریلی کے اختتام پر سرپرست تحریک منہاج القرآن شورکینٹ سید لطف اللہ شاہ نے امت مسلمہ کی بیداری اور وحدت کے لیے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ : سید حسن رضا شاہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top