الیکشن کے نام پر چند خاندانوں کے درمیان سلیکشن کا کھیل کھیلنے کیلئے میدان تیار کیا جا رہا ہے : شیخ زاہد فیاض

عوام موجودہ نظام انتخاب کو رد کر کے ملک کے دو فی صد مقتدر طبقے کو سبق سکھانے کا تہیہ کر لیں
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ان شاء اللہ رواں سال 23 دسمبر کو پاکستان آئیں گے
مینار پاکستان کے سبزہ زار میں انکا انقلاب انگیز تاریخی عوامی استقبال کیا جائے گا
تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے سینیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ عوام کے مقدر کو مستقل اندھیرے دینے والے مقتدر طبقے کی نورا کشتی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ جو نام نہاد الیکشن کے نزدیک آنے تک شدید تر ہو جائے گی۔ عوام موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن کے ڈرامے کا حصہ بنے تو اگلے پانچ سال دو فی صد مقتدر طبقہ پھر ان کے حقوق سے کھیلنے کا آئینی حق لے لے گا۔ الیکشن کے نام پر چند خاندانوں کے درمیان سلیکشن کا کھیل کھیلنے کیلئے دوبارہ میدان تیار کیا جا رہا ہے اور اس کھیل میں عوام کو ایک مرتبہ پھر فٹ بال کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ عوام موجودہ نظام انتخاب کو رد کر کے ملک کے دو فی صد مقتدر طبقے کو سبق سکھانے کا تہیہ کر لیں تو ملک و قوم کی خوشحالی کا سفر شروع ہو جائے گا۔

وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر جی ایم ملک، رانا فاروق محمود، علامہ رانا محمد ادریس، ساجد بھٹی، جواد حامد، بابر چوہدری اور تجمل حسین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ان شاء اللہ رواں سال 23 دسمبر کو پاکستان آئیں گے اور قرارداد پاکستان کے گواہ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں انکا ایسا انقلاب انگیز تاریخی عوامی استقبال کیا جائے گا کہ مینار پاکستان ایک اور نئی تاریخ کا امین بن جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القاری کی پاکستان آمد کے اعلان نے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ کارکنان شکرانے کے نوافل ادا کر رہے ہیں اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام اس اندھیری کوٹھڑی کی مانند ہے جو خوشحالی کے سورج اور عوام کے درمیان حائل ہے۔ عوام اس اندھیری کوٹھڑی سے نجات کیلئے منظم کوشش کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top