فیصل آباد : تحریک منہاج القرآن کا یوم تاسیس

تحریک منہاج القرآن کا 32 واں یوم تاسیس دنیا بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جوش و خروش سے منایا گیا۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تین دھائیوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے فیصل آباد میں مرکزی تقریب دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک فیصل آباد سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ 1980ء میں داتا کی نگری سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز کرنے والے ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج امت مسلمہ کے شیخ الاسلام بن چکے ہیں۔ 23 دسمبر کو واپس آ کر وہ ملک میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری اسلامی ملک بنانے کی جدوجہد کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام ملک و عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ اس لئے صرف الیکشن مسائل کا حل نہیں بلکہ یہ عمل ملک کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔ انتخابی اصلاحات کا عمل ملک کو حقیقی جمہوریت کی پٹڑی پر چڑھا سکتا ہے۔ ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 دسمبر کا دن ملک کے غریبوں کیلئے امید اور خوشحالی کا سورج لے کر طلوع ہو گا۔ مینار پاکستان اس دن عوام کا ایسا سمندر دیکھے گا جو اپنے محبوب قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کیلئے دیدہ دل فراش کئے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا فقید المثال استقبال ملک میں حقیقی تبدیلی کا پہلا قدم ہو گا۔ نائب ناظم رانا غضنفر علی نے یوم تاسیس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے بلاشبہ دنیا کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں۔ وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی تحریک منہاج القرآن ہی ملک کے غریب عوام کا مقدر بدلے گی۔ 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور وہ دن ملک کے غریبوں کیلئے یادگار بن جائے گا۔

اس موقع پر اللہ رکھا نعیم، حاجی امین القادری، میاں عبدالقادر، علامہ عزیز الحسن اعوان، پروفیسر غلام مرتضیٰ، غلام محمد قادری، فیاض القادری، میاں محمد امجد قادری و دیگر ضلعی و صوبائی عہدیداران بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top