معاشرے کے نادار لوگوں کی کفالت اور مستحقین کی داد رسی اسلامی ریاست کا فریضہ ہے : افتخار شاہ بخاری
صدقہ اور خیرات کرنے والے افراد کا وجود معاشرے کیلئے باعث خیر بھی ہوتا ہے اور
باعث تقلید بھی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت لاہور میں کھالوں کی کولیکشن کے 300 سے زائد کیمپ
لگائے جائیں گے
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب
صدقہ اور خیرات کرنے والے افراد کا وجود معاشرے کیلئے باعث خیر بھی ہوتا ہے اور باعث تقلید بھی۔ اسلامی معاشر ے میں نادار لوگوں کی کفالت اور مستحقین کی داد رسی اسلامی ریاست کا فریضہ ہے تاہم افراد امت کا بھی فریضہ ہے کہ وہ اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں اور اپنے پڑوس کے معاشی حالات سے باخبر رہیں۔ اسلام کے ان شفاف تصورات اور احکامات کی بدولت تاریخ اسلام میں بارہا ایسا وقت بھی گزرا کہ معاشرے میں ہر فرد مالی طور پر خود کفیل ہوا اور زکوٰۃ و خیرات لینے والا کوئی نہ تھا۔
ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار بعنوان "قربانی۔۔۔ ایک معاشرتی ضرورت" سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جبکہ یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر علی چوہدری، طیب ضیاء، رفیق صدیقی اور مدثر حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتخار بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک ایسا منظم فلاحی ادارہ ہے جس کی سرپرستی عالم اسلام کے عظیم رہنماء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کر رہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت دنیا بھر میں جدید و قدیم علوم سے آراستہ تعلیمی ادارے شب و روز معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارہ ’’آغوش‘‘ کی باوقار عمارت مکمل ہو چکی ہے۔ جبکہ مستحق اور ذہین طالبات کی رہائش کے لیے عظیم الشان ادارہ بیت الزہراہ کی تعمیر بھی شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زکوۃ و صدقات اور قربانی کی کھالیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مالی وسائل کے ذرائع ہیں۔ اس سال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت کارکنان ان فلاحی منصوبہ جات کے لئے لاکھوں کھالیں اکھٹی کریں گے اور اس مقصد کیلئے لاہور بھر میں کھالوں کی کولیکشن کے 300 سے زائد کیمپ لگائے جائیں گے۔ دو لاکھ کھالوں کا ہدف حاصل کرنے کیلئے عید کے تینوں روز یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں اجتماعی قربانی ہو گی جہاں متاثرین سیلاب میں گوشت تقسیم کیا جائے گا۔ لاہور میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سب سے بڑی قربان گاہ ٹاؤن شپ میں بنائی گئی ہے جہاں سینکڑوں جانوروں کی اجتماعی قربانی ہو گی۔
تبصرہ