منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت قربانی کا گوشت مستحق اور غریب خواتین میں تقسیم کیا جائے گا

23 دسمبر کو مینار پاکستان میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تاریخی عوامی استقبال میں لاکھوں خواتین شرکت کریں گی
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء کا مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ انتخابی نظام بدلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ملک و قوم کا اصل دشمن استحصالی اور غریب کش نظام ہے۔ پاکستانی خواتین اسے سمندر برد کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنانے والے سن لیں اب ا ن کی سیاسی چالیں ناکام ہوں گی کیونکہ تحریک منہاج القرآن نظام کی تبدیلی کے لئے میدان ِعمل میں اتر چکی ہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں ہونے والے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تاریخی عوامی استقبال میں مردوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں خواتین بھی شرکت کریں گی اور یہ استقبال ملک میں نئے مثبت رجحان کو جنم دے گا۔

نوشابہ ضیاء نے کہا کہ 23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری عوام کو ان کے اصل دشمن کی پہچان کرائیں گے جو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی ایگزیکٹو کونسل سے خطاب کر رہی تھیں۔ جبکہ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی ناظمہ ارشاد اقبال، سدرہ کرامت، گلشن اقبال، شاکرہ چوہدری اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی رسم سے ملک کبھی بھی حقیقی تبدیلی سے ہمکنار نہیں ہو گا۔ حقیقی تبدیلی تبھی ممکن ہے جب نظام انتخاب بدلنے کے لئے قوم اپنے کردار کو پہچان لے گی۔ تحریک منہاج القرآن برادری ازم، غنڈہ گردی، کرپشن، کروڑوں روپے کی انویسٹمنٹ، بے کرداری اور نااہلیت کے ستونوں پر کھڑے نظام انتخاب کو زمین بوس کرنے کیلئے زندگی کے ہر طبقے کو اپنی جدو جہد میں شریک کر رہی ہے اوراس عظیم مقصد کے حصول کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ پیش پیش ہو گی۔ جب تک اس نظام کی چھت کو گرایا نہیں جاتا 100الیکشن بھی ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو ساری پاکستانی قوم مینار پاکستان لاہور میں ایک تاریخی عوامی اجتماع کی گواہ بنے گی اور یہ اجتماع ملک میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ثابت ہو گا۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحی پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت قربانی کا گوشت مستحق اور غریب خواتین میں تقسیم کیا جائے گا۔ دارالامان، مختلف ہسپتالوں، فاؤنٹین ہاؤس اور آرفن ہومز میں کھانا پکا کر تقسیم کیا جائے گا اور مستحق خواتین میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہو گئے ہیں اور منہاج القرآن ویمن لیگ نے پورے ملک میں سینکڑوں ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ اس سال چرمہائے قربانی سے حاصل ہونے والی آمدنی 400 یتیم و بے سہارا بچیوں کی تعلیم و تربیت اور رہائش کے عظیم منصوبے بیت الزہراہ اور دیگر فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات پر خرچ کی جائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top