علامہ محمد نسیم نقشبندی کا دورہ تائیوان
منہاج القرآن انٹرنیشنل (ہانگ کانگ) کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی مورخہ 19 اکتوبر 2012ء کو نجی وتنظیمی دورہ پر تائیوان پہنچے جہاں انہوں نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے منعقد ہونے والے مختلف پروگرامز اور میٹنگز میں شرکت کی۔
پہلا پروگرام مورخہ 19 اکتوبر 2012ء کو بعد نماز جمعہ جامع مسجد Tai Pai میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی ومسلم کمیونٹی سے ملاقات کی اور ایمان اور اس کی حفاظت کے موضوع پر پر مغز گفتگو کی اورشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تعارف کرایا۔ مورخہ 20 اکتوبر 2012 بروز ہفتہ عالیجاہ ریسٹورنٹ میں پروگرام منعقد ہوا، جس میں امیر تحریک محمد الیاس قادری، نائب امیرقاضی محمد صفدر، صدر ناصر احمد چودھری، نائب صدر حاجی غضنفرکے علاوہ بزنس کمیونٹی کے تقریبا 30 افراد نے شرکت کی۔ پروگرام میں تلاوت کلام پاک کی سعادت ناصر احمد چودھری نے حاصل کی، میاں محمد انور اور محمد الیاس قادری نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ محمد نسیم نقشبندی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سورۃ الصف کی آیات کی روشنی میں کہا کہ دنیاوی تجارت کے ساتھ ساتھ اللہ رب العزت کے ساتھ تجارت کریں، خدمت دین اور فروغ دین کے لئے وقت نکالیں اور ہر ممکن مالی وجانی قربانی دیں اسی میں حقیقی کامیابی ہے۔ اس تجارت سے دنیا سنورتی ہے جبکہ اللہ تعالی سے تجارت کرنے سے انسان کی عاقبت سنورتی ہے۔ دنیا کی تجارت اور اس کے نتیجہ میں حاصل ہونے والی نعمتیں سب عارضی ہیں جبکہ اللہ کے ساتھ کی جانے والی تجارت کے بدلے ملنے والی نعمتیں ابدی و دائمی ہیں۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔
پروگرام کے اختتام پر تائیوان کی تنظیم نے علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی کے دورہ تائیوان کے لئے وقت نکالنے پر ان کاشکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام کے پاکستان استقبال کے حوالہ سے اپنی ہر قسم کی قربانی اور تعاون کا اظہار کیا۔
رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی
تبصرہ