ہالینڈ : منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام عید الاضحی کا اجتماع
منہاج القرآن انٹرنیشنل (دی ہیگ، ہالینڈ) کے زیر اہتمام مورخہ 26 اکتوبر 2012ء کو پاکستانی کمیونٹی کا سب سے بڑا عید الاضحی کا اجتماع اسپورٹس ہال میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔
عید کے اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ذیشان امانت علی نے حاصل کی، راحیل اشرف اور معید چودھری نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ علامہ احمد رضا نقشبندی نے قربانی کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی سنت ابراہیم علیہ السلام تاقیامت امت مسلمہ کو ایثار و قربانی کے پیغام کے ساتھ غرباء اور مساکین کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا بھی پیغام ہے اور ہمیں اس پیغام ابراہیمی کو کبھی بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ اس پیغام میں اللہ کی رضا شامل ہے اور جس عمل میں اللہ اور اللہ کے پیارے حبیب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کا خیال نہ کیا جائے وہ عمل کبھی بھی زندگی میں تبدیلی نہیں لا سکتا اور نہ ہی اس عمل سے زندگی میں برکتیں حاصل کرنا ممکن ہوتا ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل (دی ہیگ، ہالینڈ) خالد محمود نے شرکاء اجتماع کو نئے مرکز کی خریداری کے متعلق کمپیوٹر کی مدد سے ایک بڑی سکرین پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے نئے مرکز میں جگہ کے متعلق ابتدائی معلومات دیں۔ جس پر مقامی کمیونٹی اور مخیر حضرات نے نئے مرکز کی خریداری کے لئے ایک کثیر رقم کے وعدے کئے۔اس کے بعد اما م وخطیب منہاج القرآن دی ہیگ علامہ اصغر القادری کی امامت میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی جس کے بعد تمام امت مسلمہ اور وطن عزیز پاکستان کے لئے دعا کی گئی۔
رپورٹ: امانت علی چوہان
تبصرہ