فیروز والا : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن فیروز والا کے زیراہتمام درس عرفان القرآن مورخہ 04 نومبر 2012 کو منعقد ہوا۔ جس میں نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ فیاض بشیر قادری نے خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر دیگر مہمانان گرامی اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ اس پرمغز درس قرآن میں علاقہ بھر سے خواتین اور حضرات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ جس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ علامہ فیاض بشیر قادری نے عالمانہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیشک اﷲ کسی قوم کی حالت کو نہیں بدلتا یہاں تک کہ وہ لوگ اپنے آپ میں خود تبدیلی پیدا کر ڈالیں، اور جب اﷲ کسی قوم کے ساتھ اس کی اپنی بداعمالیوں کی وجہ سے عذاب کا ارادہ فرما لیتا ہے تو اسے کوئی ٹال نہیں سکتا، اور نہ ہی ان کے لئے اﷲ کے مقابلہ میں کوئی مددگار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر الہی ہے کہ جو لوگ اپنی حالت آپ بدلنے کے لیے اٹھ کھڑے نہیں ہوتے ان پر نااہل حکمرانوں، سیلاب اور زلزلوں کی شکل میں عذاب الہی نازل ہوتا رہتا ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے مصداق بن کر معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا کر کے اپنا کردار ادا کریں۔ درس کے اختتام پر ملک وقوم کی تعمیر وترقی، خوشحالی اور نیک وصالح قیادت کی آمد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top