چکوال : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام بیدارئ شعور ورکرز کنونشن
مورخہ 02 نومبر 2012ء کو منہاج القرآن تلہ گنگ روڈ چکوال میں بیدارئ شعور ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں ناظم منہاج القرآن علماء کونسل چکوال حافظ محمد خان قادری، صدر تحریک منہاج القرآن چکوال حاجی شیخ عبد الغفور، ناظم ڈاکٹر سہیل محمود جنجوعہ، صدر پاکستان عوامی تحریک ملک احسان محفوظ، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ محمد باقر قریشی اور تحصیل کی تنظیمات کے تمام عہدیداران نے شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری صداقت علی نے حاصل کی جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت قاری وحید چشتی نے حاصل کی۔ بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بعنوان '' آؤ پاکستان بچائیں'' بذریعہ پروجیکٹر دکھایا گیا جس کی تعمیل کے لیے تمام ورکرز نے اپنے پختہ عزم واستقلال کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر سہیل محمود جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اس فرسودہ انتخابی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل چکوال 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ محمد باقر قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ موجودہ استحصالی اور جابرانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں پرامن انقلاب کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
متعلم منہاج یونیورسٹی لاہور محمد رضا مصطفوی نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک کے تمام مسائل کی جڑ کرپٹ انتخابی نظام ہے جو مظلموں کے بجائے ظالموں کو تقویت دیتا ہے۔ اس لیے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے عوام کو اس نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم 23 دسمبر کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں ملک کی تقدیر سنوارنے کے لیے اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کرنا ہو گی۔
پروگرام کے اختتام پر ملک وقوم کی تعمیر ترقی، بیداری شعور، امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ