چیچہ وطنی : ریاست بچاؤ ورکرز کنونشن
22 نومبر 2012 کو تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی کے زیراہتمام ریاست بچاؤ ورکرزکنونشن ہوا، جس میں تحصیل بھر سے تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران، رفقاء و وابستگان اور علاقہ کے مختلف شعبہ جات کے معززین نے شرکت کی۔
کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا بعد ازاں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی، جس کی سعادت قاری محمد اسلم قادری نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض عامر وقاص قادری نے سرانجام دیے۔ اس کے بعد شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بذریعہ پروجیکٹر سنایا گیا۔
کنونشن سےامیر پنجاب تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم، مرکزی جنرل سیکرٹری منہاج القرآن یوتھ لیگ رفیق احمد صدیقی اور کوآرڈینیٹر ساہیوال ڈویژن رانا نفیس احمد قادری نے خطاب کیا۔
امیر پنجاب احمد نواز انجم نے کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ ظالمانہ نظام کوبدلنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر کو پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ پاکستان کے 98 فیصدعوام صرف دو فیصد افراد کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں جو اس غاصبانہ سسٹم کی خرابی ہے۔ پاکستان بھر کے باشعور عوام مینار پاکستان پر مصر کے عوام کی طرح موجودہ کرپٹ فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لئے بھر پورجدوجہد کا آغاز کریں گے۔
کنونشن کے شرکاء نے عہد کیا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد پر لاہور کو موجودہ ظالمانہ نظام کی تبدیلی کے حامیوں سے بھر دیں گے اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کے فرمودات کی روشنی میں عہد کرتے ہیں کہ ہم انقلابی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے موجودہ فرسودہ، گندے سیاسی نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر مصطفوی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے۔ قائدین نے مقامی ذمہ داران کو کنونشن کے نظم و ضبط اور کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے علاقہ میں جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی تلقین کی۔ پروگرام کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
تبصرہ