لاہور : ڈاکٹریٹ کی تکمیل پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں تقریب
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر مرکزی سٹاف اور تعلیمی ادارہ جات کی طرف سے صدر فیڈرل کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارکباد کے سلسلہ میں تقریب سعید منعقد کی گئی۔ جس میں امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، نائب امیر تحریک بریگیڈیئر اقبال احمد خان، نائب امیر تحریک علامہ محمد صادق قریشی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، دیگر مرکزی قائدین و سٹاف ممبران کے علاوہ مرکزی تعلیمی ادارہ جات کے جملہ سٹاف نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔
صدر فیڈرل کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ولولہ انگیز قیادت میں وطن عزیز میں تبدیلی جلد آئیگی جو پاکستان کو ایشیاء کا باوقار اور خوشحال ملک بنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی وقت کی ضرورت بن چکی ہے، مینارِ پاکستان پر ہونیوالے تاریخی اجتماع میں لاکھوں محبِ وطن پاکستانی ملک سے کرپشن کے محافظ مقتدر طبقے کے خاتمے کا عہد کریں گے۔ موجودہ انتخابی نظام سے سوسال تک بھی کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔ تبدیلی کیلئے موجودہ انتخابی نظام کے خلاف بغاوت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو مینارِ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ لاکھوں لوگ شرکت کر کے ملک میں مثبت تبدیلی کیلئے جدوجہد کا آغاز کریں گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری اپنے تاریخی خطاب میں اہم اعلان کریں گے۔ مینارِ پاکستان تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کا گواہ بنے گا۔
امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی نے تحریک منہاج القرآن کی طرف سے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو مبارکباد اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری امت مسلمہ کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ان کی شخصیت سے تحریک منہاج القرآن کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو مرکز کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک منہاج القرآن کا اعزاز ہے کہ جس کے بانی و سرپرست اعلیٰ اور اس کے صاحبزادگان پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ہیں۔
تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ