منڈی بہاؤ الدین : سیاست نہیں ریاست بچاؤ ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن منڈی بہاؤ الدین کے زیراہتمام 23 نومبر 2012ء بروز جمعۃ المبارک کو ’سیاست نہیں، ریاست بچاؤ‘ ورکرز کنونشن کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، تحصیل ملکوال، تحصیل پھالیہ، تحصیل گوجرہ کے ذمہ داران اور کارکنان بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت جناب حافظ شبیر احمد جنجوعہ نے حاصل کی، اکرام الحق نوشاہی نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ چوہدری وسیم ہمایوں نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع کا ٹارگٹ 600 بسوں کا ہے اور اب تک ہم نے 250 بسیں بکنگ کروا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام یونین کونسلز میں یونٹ بنانے کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ہر کارکن اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتا ہوا دن رات ایک کر دے اور 23 دسمبر 2012ء کو مینار پاکستان پر ہونے والے عظیم الشان سیاست نہیں ریاست بچاؤ عوامی اجتماع میں لوگوں کا سمندر اکٹھا کردے، انہوں نے کہا کہ یہ ملک بچانے کا وقت ہے، اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر کو وطن عزیز کی ریاست کو بچانے کی خاطر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top