الہ آباد : تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ الہ آباد کے زیر اہتمام 23 نومبر 2012ء کواسلامیہ ہائی سکول میں ''سیاست نہیں ریاست بچاؤ'' ورکرز کنونشن منعقدہوا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان آمد اورعوامی استقبال کے حوالے سے منعقد ہونے والے اس پروگرام کی صدارت نائب ناظم تحریک منہاج القرآن پنجاب محترم اشتیاق حنیف مغل نے کی۔ پروگرام میں موضع رسول پور پوہلیکے سے آستانہ عالیہ حضرت بابا ولی محمد سرکار قادری نوشاہی کے سجادہ نشین بابا نور محمد قادری نوشاہی مہمان خصوصی تھے۔

ضلعی کوآرڈنیٹرتحریک منہاج القرآن قصور سید محمد علی شاہ، ڈاکٹر ناصر شکیل (صدرتحریک منہاج القرآن الہ آباد)، شیخ ظفر اقبال جنید (ناظم تحریک منہاج القرآن الہ آباد)، صاحبزادہ سیف الرحمان (پرنسپل جامعہ غوثیہ عرفان القرآن ہری کے نول)، محمد ندیم ظفر (ناظم ممبر شب کھڈیاں)، مہر محمد جابر تبسم (پرنسپل اسلامیہ پبلک ہائی سکول )، محمد عاطف صدیق (ناظم مالیات تحریک منہاج القرآن الہ آباد) اور رانا محمد سہیل (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ الہ آباد) کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض ناظم نشراشاعت محمد نوازشریف (راقم) تحریک منہاج القرآن الہ آباد نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر سلامت علی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، جس کے بعد محمد ریاض چشتی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔

پروگرام میں خطبہ استقبالیہ کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ڈاکو منٹری’’آؤ پاکستان بچائیں‘‘ پروجیکٹر کے ذریعے پیش کی گئ، جسے تمام شرکاء نے گہری دل چسپی اور دلجمعی سے دیکھا۔ ڈاکو منٹری دیکھنے کے بعد حاضرین نے شیخ الاسلام کے تاریخی استقبال کے لیے مینار پاکستان لاہور جانے کا عہد کیا۔ جبکہ اس موقع پر ہال نعروں سے گونج اٹھا۔

ورکرز کنونشن میں اشتیاق حنیف مغل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے انتہائی خوشی اور مسرت کا موقع ہے کہ ہمارے محبوب قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ایک عرصے کے بعد وطن واپس تشریف لا رہے ہیں۔ جنہیں خوش آمدید کہنے کے لیے ہم مینار پاکستان جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت جن شدید مشکلات، پریشانیوں اور اندرونی وبیرونی خطرات کا شکار ہے اس سے ہر شخص آگاہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں نام نہاد سیاسی قیادت نے حقیقی قیادت کا بحران پیدا کر دیا ہے۔ حتیٰ کہ اب صورت حال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ملک پاکستان کی سلامتی اور بقا کو بھی سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ حکومتوں اور سیاسی قیادتوں کی نااہلی، عاقبت اندیشی، مفاد پرستی اور غفلت شعاری کے نتیجے میں پاکستان عالمی سطح پر بے وقعت ہورہا ہے۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ شیخ الاسلام کی کال پر لبیک کہتے ہوئے ہم سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے تحت باہر نکلے ہیں۔ ہم موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کر کے ملک کو دیانت دار، مخلص اور باصلاحیت قیادت مہیا کریں گے، ہم اس ملک کو کرپشن سے پاک، ترقی یافتہ، امن و انصاف کا گہوارہ اور حقیقی جمہوری و فلاحی پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ لیکن اس ساری جدوجہد میں آپ کو شیخ الاسلام کا ساتھ دینا ہوگا۔

پروگرام میں شیخ ظفر اقبال جنید ناظم تحریک منہاج القرآن الہ آباد نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس ملک ک ے نجات دہندہ بن کرعوام کی رہنمائی کا فریضۃ سرانجام دے رہے ہیں۔ آج ہم نے ان کا ساتھ نہ دیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

لہذا موجودہ ملکی صورت حال پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے اس کا جائزہ لے کر خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ ظالمانہ واِستحصالی نظام کو سمندر بردکردیں تو اس کے لیے ہمیں مینار پاکستان جمع ہو کر شیخ الاسلام کی آواز پر لبیک کہنا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ان شاء اللہ 22دسمبر کو تحریک منہاج القرآن الہ آباد کی طرف سے ہزاروں افراد کا قافلہ مینار پاکستان کی طرف روانہ ہو گا۔

ورکرز کنونشن کا اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ: محمد نوازشریف

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top