منہاج یوتھ لیگ کے لاکھوں نوجوانوں نے ملک بھر میں فرسودہ اور کرپٹ نظام انتخاب کے جنازے اٹھا دئیے

لاکھوں نوجوانوں نے ملک بھر میں فرسودہ اور کرپٹ نظام انتخاب کے جنازے اٹھا دئیے
نظام کے جنازے اٹھنے کا عمل عوامی شعور کی بیداری کا اشارہ ہے

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحت ملک بھر میں فرسودہ اور کرپٹ نظام انتخاب کے جنازے اٹھائے گئے۔ یوتھ لیگ کی تحصیلی سطح کی تنظیمات نے پورے ملک میں احتجاج کیا اور ہر جگہ عوام کی کثیر تعداد نے استحصالی نظام انتخاب کے جنازوں میں شرکت کی اس طرح پورے ملک میں مجموعی طور پر لاکھوں نوجوانوں نے نظام انتخاب کے خلاف بھر پور احتجاج کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر چوہدری نے ایگزیکٹو کے عہدیداران کے ہمراہ ماڈل ٹائون لاہور میں نکالے گئے جنازہ میں شرکت کی۔

بعد ازاں انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ نظام کے جنازے اٹھنے کا یہ عمل عوامی شعور کی بیداری کا اشارہ ہے اس لئے اب ملک میں حقیقی تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ ملک بھر میں علامتی طور پر جنازوں کا اٹھایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ نظام انتخاب عملی طور پر مر چکا ہے اور اس کی تدفین کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی، دہشت گردی، برادری ازم، وننگ ہارسز اور کروڑوں روپے کی کرپشن پر مبنی اجزاء سے تشکیل پانے والے نظام کے خلاف عوامی نفرت عروج پکڑ رہی ہے اس لئے 23 دسمبر کو حقیقی معنوں میں یہ اپنی موت آپ مر جائے گا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمد ملک کو استحکام اور عوام کو خوشحالی دے گی۔ 23دسمبر کا دن ملک کی سیاسی تاریخ میں اس طرح امر ہو جائے گا جیسے 23مارچ کا دن عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top