پورا ملک مسائل کی گھمبیر گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پورا ملک مسائل کی گھمبیر گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی عیاشی کا نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد، راولپنڈی کے عہدیداران و کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مروجہ انتخابی سیاست ڈھونگ ہے۔ ملک میں نظام سیاست کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پرسردار منصورخان، عمرریاض عباسی، ابراررضا ایدووکیٹ، خالداعوان، عرفان طاہر، سید بشیر حسین شاہ، غلام علی خان، جاوید اصغرججہ، سعید راجہ، ملک ندیم، ملک طاہر جاوید، ملک افضل، ملک یاسر ایڈووکیٹ، جاوید اقبال لون، قاسم مرزا، سعید خان نیازی، نعمان کریم، سہیل عباسی اور دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجودتھے۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ میں پاکستان میں رائج انتخابی سیاست کو ٹھکرا چکاہوں۔ یہ نظام چند اشرافیہ کا نظام ہے۔ موجودہ نظام سرمایہ داروں، جاگیرداروں، وڈیروں کی عیاشی کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ آ رہا ہوں تاکہ سیاست نہیں ریاست کو بچایا جا سکے۔ قوم اپنے اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے ایمان کے تحفظ اور ذلت آمیز زندگی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پرامن انقلاب کے لئے کمر بستہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر تبدیلی کا ایجنڈا پیش کروں گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ نظام میں ڈی ایس پیز، تحصیل دار، کانگو، پٹواری تک ایم این اے اور ایم پی اے اپنی مرضی کے لگواتے ہیں جس سے کرپشن پروان چڑھتی ہے۔ موجودہ نظام شاطر حکمرانوں کا انتخابی نظام بھیڑ چال اور سادہ لوح عوام کو غلام بنانے کا میکنزم ہے جس سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لئے انقلاب وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذمہ داران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ از سر نو صف بندی کر کے اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام تک یہ پیغام پہنچایا جائے تاکہ عوام تبدیلی کے لئے تیارہوں۔
تبصرہ