استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کا سورج بہت جلد ڈوب جائے گا، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

آج کا طالب علم اور نوجوان خوش نصیب ہے کہ اسے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی قیادت میسر ہے
23 دسمبر کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آمد سے پاکستان قیادت کے بدترین بحران سے ہمیشہ کیلئے نجات پا جائے گا
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا پنجاب یونیورسٹی کے باہر نظام بدلو طلباء ریلی سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ طلباء اور نوجوانوں نے تبدیلی کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے 23 دسمبر کو مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں اس کی بنیاد رکھی جائے گی اور بہت جلد استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کا سورج ڈوب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو غریب عوام کیلئے استحکام پاکستان اور عوامی خوشحالی کی نئی صبح کا آغاز ہو گا۔ اس کیلئے طلباء کو تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ ظلم اور استحصال کے نظام کے خلاف پرامن جمہوری جدوجہد کے تسلسل کو جاری رکھنا ہو گا۔ آج کا طالب علم اور نوجوان خوش نصیب ہے کہ اسے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی قیادت میسر ہے۔ 23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے پاکستان قیادت کے بد ترین بحران سے ہمیشہ کیلئے نجات پا جائے گا۔

وہ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے باہر نظام بدلو طلباء ریلی سے خطاب کر رہے تھے جس میں مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے ہزاروں طلباء نے شرکت کی۔ طلباء موجودہ استحصالی نظام کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ طلباء رہنماء تجمل حسین انقلابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام نہ بدلا گیا تو نوجوان اعلیٰ تعلیم اور باعزت روزگار سے ہمیشہ محروم رہیں گے اور برین ڈرین کا المیہ اس ملک کا مقدر بنا رہے گا۔ طلباء اور نوجوان اگر روشن مستقبل چاہتے ہیں تو انہیں انتخابی نظام کے خلاف مؤثر جدوجہد کو جاری رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا وقت آج ہے اور اس کیلئے 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں لاکھوں نوجوان پہنچ کر پوری دنیا کو تبدیلی کا پیغام دیں گے۔

طلباء رہنما تجمل حسین انقلابی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا ویژن پاکستان کو عالم اسلام کا لیڈر بنا دے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تبدیلی کیلئے ان کا دست و بازو بنا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top