سرگودھا : سیاست نہیں ریاست بچاؤ کنونشن
تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے زیراہتمام سیاست نہیں ریاست بچاؤ کنونشن منعقد ہوا، جس میں خصوصی شرکت مرکزی نائب امیر تحریک علامہ محمد صادق قریشی نے کی۔ جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں علامہ نور الزمان نوری، مرکزی سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ محمد رفیق صدیقی سیمت تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران و کارکنان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کنونشن کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، جس کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر تحریک علامہ محمد صادق قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے خطرناک ترین بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ ملک کی بقا اور سالمیت داؤ پر لگ چکی ہے۔ معیشت تباہی کے دھانے پر ہے۔ ملک دیوالیہ ہو چکا ہے۔ صنعتیں بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے۔ اقتدار پر قابض مقتدر طبقات ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور کرپٹ نظام انتخاب انہیں ہر دفعہ اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب بناتا ہے۔ جب تک اس فرسودہ انتخابی نظام میں بنیادی اصلاحات نہیں کی جاتیں یہ نظام انتخاب کرپٹ لوگوں کو اقتدار میں لاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر لاکھوں کی تعداد میں خواتین و حضرات اکٹھے ہو کر موجودہ نظام انتخاب کو مسترد کریں گے۔ 23 دسمبر پاکستان کی قومی زندگی میں کرپٹ نظام انتخاب و سیاست کے خلاف یادگار دن بن جائے گا۔
کنونشن کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ