لاہور : تحریک منہاج القرآن کی قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد

تحریک منہاج القرآن اور نظامت منہاجینز کی طرف سے پاکستان ہاکی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی 2012ء میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں 13 دسمبر 2012ء کو منہاجینز کے وفد نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر دفتر میں صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاء، سیکرٹری آصف باجوہ اور چیف کوچ قومی ہاکی ٹیم چوہدری اختر رسول سے ملاقات کی۔ وفد میں تحریک منہاج القرآن کے رہنماء جی ایم ملک، سینیئر نائب صدر منہاجینز جواد حامد اور سیکرٹری منہاجینز شہزاد رسول قادری بھی شامل تھے۔ وفد نے قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے پی ایچ ایف کے صدر، سیکرٹری اور چیف کوچ کو گلدستے اور مٹھائی بھی پیش کی۔

اس موقع پر سینیئر نائب صدر منہاجینز جواد حامد نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا کھیل دوبارہ زندہ ہوا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں 8 سال کے بعد میڈل جیتنے پر وہ قومی ہاکی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کی پہچان ہے اور ٹیم کو اب مزید جیت کا سفر طے کرنا ہوگا۔

جی ایم ملک نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے میڈل جیتنے سے ماضی کی یادیں تازہ ہو گئیں ہیں، اب ہمیں دیگر اعزازات بھی واپس لینے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری اختر رسول اور حنیف خان جیسے لیجنڈز کی مدد سے پاکستان میں ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج حاصل کر رہا ہے، جو خوش آئند بات ہے۔

سیکرٹری منہاجینز شہزاد رسول قادری نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے موجودہ فیڈریشن کو تنقید کا سامنا تھا۔ لیکن اب چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن کے بعد مزید بہتر نتائج کی توقع کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور فتح کا سارا کریڈٹ چوہدری اختر رسول اور ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے۔

صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاء اور سیکرٹری آصف باجوہ نے مبارکباد پر منہاج القرآن کے قائدین اور بالخصوص شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ جن سے قوم کو تبدیلی کی امیدیں ہیں۔

آخر میں منہاجینز فورم کی طرف سے پی ایچ ایف عہدیداروں اور قومی ہاکی ٹیم کو منہاج القرآن کے وزٹ کی دعوت بھی دی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top