خانوادہ اہل بیت کی قربانیوں سے وفا کرنا امت مسلمہ کی ہر بیٹی کا فریضہ ہے : ساجدہ صادق

واقعہ کربلا ایک ایسا دل سوز سانحہ ہے جسے یاد کرکے انگ انگ غم و یاس کی کیفیت میں ڈوب جاتا ہے۔ اہل بیت سے محبت کا دم بھرنے والا لمحہ بھر ضرور سوچتا ہے کہ اسے محض دس دن ہی نہ منایا جائے بلکہ اس نسبت کو اپنا اوڑھنا، بچھونا بنا کر حقیقی زندگی کے طور پر اپنایا جائے۔ آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہر فرد نے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی جانوں کے نذارنے پیش کیے ہیں۔ خاندان نبوت کی خواتین کا ہمت و حوصلہ تھا کہ اس رنج و الم کے عالم میں بھی صبر کا دامن نہ چھوڑا۔ میدان کربلا میں سب کچھ راہ خدا میں لٹا کر بھی رضائے رب کے لیے دشمنان اسلام کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند رہیں۔ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے نقوش کی پیروی کرتے ہوئے آواز حق کو بلند کرنا اور نظام یزیدیت کا رد پیش کر کے اہل بیت کی قربانیوں سے وفا کرنا امت مسلمہ کی ہر بیٹی کا فریضہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب ناظمہ ویمن لیگ محترمہ ساجدہ صادق نے 9 روزہ دورہ فیصل آباد میں کارنر میٹنگ کے ذریعے کارکنان سے کیا۔ جس میں مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے تمام ناظمات سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان آمد اور عوامی استقبال کی تیاریوں کی رپورٹ لی۔ انہوں نے کہا کہ اس دور فتن میں موجودہ نظام یزیدیت کا خاتمہ اور پیغام حسینیت کا پرچار کرنے کے لیے 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری تشریف لا رہے ہیں تاکہ ملک و قوم کی تقدیر کو بدلا جاسکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top