ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی مرکزی اسٹاف سے ملاقات

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ڈاکٹریٹ مکمل کرنے کے بعد مصر سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ان کی وطن واپسی پر مرکزی سیکرٹریٹ کے اسٹاف کے ساتھ خصوصی ملاقات کی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری ٹو پیٹرن انچیف جی ایم ملک، ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل سمیت تمام شعبہ جات کے ناظمین اور مرکزی اسٹاف نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت مبارکہ سے ہوا، جس کے بعد محرم الحرام کی مناسبت سے منقبت بھی پیش کی گئی۔ پروگرام میں مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے استقبالی کلمات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے کہ شیخ الاسلام کے دونوں صاحبزادوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کرلی ہے۔ ان کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث صد افتخار ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے تمام کارکنان انہیں اس عظیم کامیابی حاصل کرنے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پروگرام میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تحریک، تنظیم یا جماعت کی کامیابی کا راز اس کے ورکرز ہوتے ہیں۔ کارکنان کا کام ہی قائدین کو کامیابی کی سیڑھی دیتا ہے۔ کامیابی اسوقت ممکن ہے، جب ہر بندہ اخلاص نیت کے ساتھ کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری امت مسلمہ کے لیے فروغ دین کا کام سرانجام دے رہی ہے، اور آپ اس کے صدر دفتر میں کام کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ہماری ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی کو سامنے رکھ کر اپنی خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے 23 دسمبر کے حوالے سے کہا کہ ساری قوم کو اس دن کا انتظار ہے۔ ان شاءاللہ اس دن ملک پاکستان میں تبدیلی کا آغاز ہوگا۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top