شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری لاہور پہنچ گئے، 23 دسمبر کو تاریخی عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے

بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 20 دسمبر 2012ء کی شب لاہور (پاکستان) پہنچ گئے ہیں، لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے ان کا استقبال کیا۔ وہ 23 دسمبر 2012ء کو مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے جس میں پاکستان بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے عنوان سے ہونے والے تاریخی عوامی اجتماع منہاج ٹی وی اور ملک کے تمام بڑے ٹی وی چینلوں پر دیکھا جاسکے گا۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری لاہور ایئر پورٹ سے ماڈل ٹاؤن (لاہور) میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پہنچے تو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان بڑی تعداد میں ان کی رہائش گاہ کے سامنے موجود تھی، اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے الیکٹرانک میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر 2012 کے تاریخی عوامی اجتماع میں ملک پاکستان کو لاحق مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان حل بتائیں گے، انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن انتخابات اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے لیکن پاکستان میں رائج انتخابی نظام کرپٹ ہے جس میں تبدیلی ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تفصیلی لائحہ عمل کا اعلان 23 دسمبر کے اجتماع میں ہی کریں گے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قومی مفاد میں واپس آئے ہیں اور ان کا آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top