23 دسمبر سے پہلے یہ تبدیلی کی تحریک تھی مگر اب یہ انقلاب بن چکا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

غریب عوام 14 جنوری کو اکڑی گردنوں سے سریے نکال دیں گے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادر ی کا مشائخ و علماء کنونشن سے خطاب
مشائخ نے لانگ مارچ کی غیر مشروط حمایت کی اور اپنے لاکھوں مریدوں سمیت شرکت کے عزم کا اظہار کیا

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے پاکستان چند خاندانوں کیلئے نہیں غریب مسلمانوں کیلئے بنایا تھا۔ جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار اکڑی گردنوں کے ساتھ 65 سال سے غریبوں کے حقوق سے کھیل رہے ہیں۔ 23 دسمبر سے پہلے یہ تبدیلی کی تحریک تھی مگر اب یہ انقلاب بن چکا ہے۔ غریب عوام 14 جنوری کو اکڑی گردنوں سے سریے نکال دیں گے۔ کردار کشی، تہمتوں اور گالیوں کا جواب نہیں دونگا۔ مشائخ عظام آج پاکستان بچانے کیلئے وہی کردار ادا کریں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت قائد اعظم کی قیادت میں کیا تھا۔ آج سب کو مل کر پاکستان بچانا ہے۔ بغیر اصلاحات کے الیکشن ہو گئے تو پلٹ کر وہی لٹیرے آ جائینگے اور یہ پاکستان کو توڑنے کی سازش ہو گی۔ کیونکہ اگلے پانچ سال میں پاکستان میں اتنی سکت نہ ہو گی کہ وہ کرپٹ عناصر کا جھٹکا برداشت کر سکے۔

وہ گذشتہ روز مشائخ و علماء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی، دیوان احمد مسعود چشتی، پیر صاحبزادہ نبی امین، پیر حمید اللہ جان سیفی، پیر مسعود احمد لاثانی، پیر سید نفیس الحسن بخاری، ڈاکٹر جمیل الرحمن چشتی، پیر عبد الباری قادری، سید سجاد بادشاہ، طاہر حسین زنجانی، ذاکر سنجانی، پیر تبسم بشیر اویسی، پیر سعید احمد صابری، ڈاکٹر کاشف علی سلطان، پیر سید عامر حسین گیلانی، سید غلام محی الدین قادری، پیر میاں محمد بشیر حیات، صاحبزادہ محب النبی اور پیر اسد اللہ غالب سمیت 250 مشائخ عظام نے شرکت کی۔

مشائخ نے لانگ مارچ کی غیر مشروط حمایت کی اور اپنے لاکھوں مریدوں سمیت شرکت کے عزم کا اظہار کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ لانگ مارچ کیلئے 3 لاکھ افراد کے ساتھ لاہور سے نکلوں گا۔ 40 لاکھ افراد کے ساتھ اسلام آباد پہنچوں گا اور منزل مراد پائے بغیر واپس نہیں لوٹوں گا۔ موٹر وے سے نہیں عوام کے ساتھ جی ٹی روڈ سے جاؤں گا اور عوام کا سمندر پرامن جمہوری روایت کے مطابق چلے گا اور تبدیلی لا کر دم لے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا کوئی مطالبہ لٹیروں سے نہیں ہے۔18 کروڑ عوام اپنا حق لے کر دم لیں گے۔ فیصلہ 14 جنوری کوعوام خود کریں گے۔ 14 جنوری کو عوام کی حکومت کا اعلان ہو گا۔ میری طاقت بیواؤں، یتیموں کے آنسو اور غریبوں کی سسکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولیاء کرام کے قدموں کے طفیل ملا اسے اولیاء کرام کی اولادیں ہی بچائیں گی۔ آج پاکستان بچانے کا وقت ہے۔ میں مصطفوی سیاست چاہتا ہوں۔ ملک میں جو ہو رہا ہے اسے سیاست نہیں سمجھتا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top