پاکستان عوامی تحریک کے مستقبل کے بارے مشاورتی عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا
یکم فروری کو سنٹرل ایگزیکٹو کونسل، 2 فروری کو مرکزی مجلس شوریٰ اور 3 فروری کو جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا
گزشتہ چند ہفتوں سے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے پاکستان عوامی تحریک کے آئندہ قومی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے جس مشاورتی عمل کا آغاز کیا تھا، وہ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے، منہاج یورپین کونسل کے سیکریٹری میڈیا نوید احمد اندلسی کے مطابق اس سلسلہ میں یکم فروری کو تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس عاملہ (سنٹرل ایگزیکٹو کونسل) کے اجلاس میں ایجنڈا کو حتمی شکل دی جائے گی، جس کے بعد 2 فروری کو مرکزی مجلس شوریٰ (فیڈرل کونسل) اور 3 فروری کو جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اس سلسلہ میں مرکز کی ہدایت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی بیرون ملک تنظیمات نے بھی مشاورتی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
یہاں یہ عمل قابل ذکر ہے کہ تحریک منہاج القرآن پاکستان اور دنیائے اسلام کی منظم ترین تنظیم ہے، جس کا پاکستان میں مرکز (لاہور) سے یونین کونسلز تک مضبوط، مربوط اور مستحکم نیٹ ورک قائم ہے اور تحریک کے جملہ معاملات وابستگان، کارکنان اور عہدیداران کی مشاورت سے طے پاتے ہیں۔ تحریک کا انتظامی و تنظیمی ڈھانچہ سپریم کونسل، جنرل کونسل، فیڈرل کونسل، سنٹرل ایگزیکٹو کونسل، سنٹرل ورکنگ کونسل، مرکزی فورمز، مرکزی نظامتوں، صوبائی تنظیمات، ضلعی تنظیمات اور علاقائی تنظیمات پر مشتمل ہے۔ تحریک کی مجلس شوریٰ کے ممبران کی تعداد 500 سے زیادہ ہے جبکہ جنرل کونسل کے ممبران کی تعداد 12 ہزار سے زیادہ ہے، اسی طرح پاکستان سے باہر تنظیمات براعظمی کونسلوں، ملکی تنظیمات اور علاقائی تنظیمات پر مشتمل ہیں۔ اس سے قبل تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی جنرل کونسل کا اجلاس 2008ء میں منعقد ہوا تھا جس میں عام انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تبصرہ