لانگ مارچ کے دوران ہمارے تمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں:ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

لانگ مارچ کے دوران ہمارے تمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے عام کنٹینر میں سفر کیا جو ملک میں ہر جگہ موجود ہوتا ہے
کنٹینر کے چاروں اطراف عام لوہے کی چادریں ویلڈ کروائی گئیں، بلٹ پروف شیشہ بھی لوکل تھا: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

لاہور:23 دسمبر کے تاریخی جلسہ اور لانگ مارچ کی کامیابی نے عوام کو نظام انتخاب کی اصلاح کا شعور دیا ہے۔ ساری قوم یہ جان گئی ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری عوام کے دلوں اور امنگوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ حاسدین ڈاکٹر طاہر القادری کے آئینی، جمہوری اور قانونی مطالبات پر تو کوئی اعتراض نہ کر سکے البتہ ادھر اُدھر کی من گھڑت باتیں کر کے جھوٹے پراپیگنڈے کا سہارا لے کر کردار کشی کی مہم چلا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار میڈیا کے معزز احباب کو لانگ مارچ کے دوران استعمال ہونے والے کنٹینر کے وزٹ کے دوران تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور پر امن لانگ مارچ کے دوران ایک شیشہ نہ ٹوٹا، مخالفین بے مثال لانگ مارچ پر کوئی اعتراض نہ کر سکے تو یہ شور مچانا شروع کر دیا کہ لانگ مارچ کے شرکاء میں تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کے طلباء شریک تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ایسے تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے 630 سکولز، ہمارے کالجز اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کے حاضری رجسٹر رکھ دیے۔ انہوں نے میڈیا کو حاضری رجسٹر دکھاتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران ہمارے تمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں جاری تھیں۔ اس لئے ہم اس جھوٹے پراپیگنڈے کو رد کرتے ہیں۔ 23دسمبر کے جلسے اور لانگ مارچ میں عوام الناس شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران جس کنٹینر میں ڈاکٹر طاہر القادری نے سفر کیا، کبھی کہا جاتا ہے کہ یہ کنٹینر باہر سے امپورٹ کیا گیا ہے اور کبھی یہ جھوٹ بولا جاتا ہے کہ کنٹینر10 کروڑ کی مالیت سے تیار ہوا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو کنٹینر کا وزٹ کراتے ہوئے کہا کہ یہ عام کنٹینر ہے جو ملک میں ہر جگہ موجود ہوتا ہے۔ 4لاکھ میں کنٹینر واش روم کے ساتھ اسی حالت میں خریدا گیا۔ لوکل لوہے کی چادریں کنٹینر کے چاروں اطراف ویلڈ کرائی گئیں۔ کنٹینر میں لگوائے گئے بلٹ پروف شیشے بھی پورے پاکستان میں عام ہیں اور لوکل تیار ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے میڈیا کو کنٹینر کا وزٹ کرواتے ہوئے کہا کہ 15x8 فٹ کا یہ وہ عام کنٹینر ہے جسے فائیو سٹار اور سیون سٹار سہولیات سے منسوب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے اس بیان کے بعد کہ دھماکے کی دھمکی صرف دھمکی نہیں بلکہ ضرور ہو گا، کی روشنی میں تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کا فیصلہ تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کنٹینر میں سفر کریں گے۔ انہوں نے اعتراض کرنے والوں کو کہا کہ انہیں وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ اور دیگر کے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑیاں دکھائی نہیں دیتیں جن پر عوام کا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top