سیاست دین اسلام اور سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حصہ ہے: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

عدلیہ اور افواج پاکستان دونوں جمہوریت کی سر بلندی اور حفاظت کیلئے کوشاں ہیں
سیاستدان کرپشن سے پاک شفاف سیاست کو پروموٹ کریں
تبدیلی کیلئے ساری قوم انقلاب مارچ میں شرکت کرے
ڈاکٹر طاہر القادری کی ملتان سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو

عدلیہ اور افواج پاکستان دونوں کو کریڈٹ دیتا ہوں کہ دونوں جمہوریت کی سر بلندی اور حفاظت کیلئے کوشاں ہیں ۔جس طرح دونوں ادارے جمہوریت کی بقا اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔اسی طرح سیاستدان بھی کرپشن سے پاک شفاف سیاست کو پروموٹ کریں۔سیاست دین اسلام اور سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حصہ ہے ۔سیاست ایسی ہونی چاہیے جس سے نسلوں کا مستقبل روشن ہو۔سیاست ملک اور ریاست کی خدمت کرنے کیلئے ہونا چاہیے۔ایسی سیاست جس سے ریاست کو خطرہ ہو وہ درست نہیں۔ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملتان سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جبکہ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،خرم نواز گنڈا پور،فیاض وڑائچ اور ایم ایچ شاہین بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ 15فروری سے 10 مارچ تک ملک کے مختلف شہروں میں انقلاب مارچ کریں گے۔ضروری ہے کہ قومی غیرت کو جگانے اور تبدیلی کیلئے ساری قوم انقلاب مارچ میں شریک ہو۔پاکستان میں گذشتہ 65 سالوں سے ہر قسم کی انتہا پسندی کو پالا جا رہا ہے جسکا پھل دہشت گردی اور کرپشن کی صورت کاٹا جا رہا ہے ۔تنگ نظری،انتہا پسندی،نفرت کے تنے کی آبیاری کی جاری ہے جب تک تنا کاٹا نہیں جاتا دہشت گردی اور کرپشن کا پھل ختم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ قوم کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے جس طرح آرٹیکل 62اور63 سے ہر فرد کو آگاہی دلائی گئی اسی طرح آئین کے آرٹیکل 37اور38 کا شعور بھی ہر فرد کو دیا جائے گا تا کہ قوم اپنے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top