65 سالوں سے آئین کے آرٹیکل 37 اور 38 کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ رحیق احمد عباسی

15 فروری سے ملک بھر میں انقلاب مارچ کا آغاز کیا جائے گا
عوام کے حقوق کی جنگ ڈنکے کی چوٹ پر عوام میں جا کر لڑیں گے
آئین کے آرٹیکل 62، 63 کا شعور ہر پاکستانی کو مل چکا، الیکشن 62, 63 کے مطابق ہونگے
ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے حقیقی استحکام کیلئے ساری قوم کو گھروں سے نکلنا ہو گا
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ 15 فروری (جمعہ) کو گوجرانوالا، 17 فروری (اتوار) کو فیصل آباد، 22 فروری (جمعہ) کو ملتان، 24 فروری (اتوار) کو پشاور، یکم مارچ (جمعہ) کو سکھراور 10 مارچ (اتوار) کو راولپنڈی میں انقلاب مارچ ہو نگے جن کا اختتام جلسوں کی صورت میں ہو گا۔ جس انقلابی جدوجہد کا آغاز 23 دسمبر مینار پاکستان کے جلسے اور 14 جنوری کے لانگ مارچ کو ہوا تھا وہ جاری رہے گی۔ اسی تسلسل کے پہلے مرحلے میں ملک بھر میں انقلاب مارچ کئے جائیں گے۔ گذشتہ 65 سال سے آئین کے آرٹیکل 37 اور 38 کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے ساتھ آئین کے ان دو آرٹیکلز کی بحالی بھی ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہو گی۔ افواج پاکستان اور عدلیہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے کوشاں ہیں۔ فوج مارشل لاء نہیں چاہتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردارمنصورخان، سیدگفتارحسین شاہ، ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، عثمان بٹ، جاویدججہ، سیکرٹری اطلاعات غلام علی خان، عمرریاض عباسی، شمریزاعوان، مصطفی نورانی، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ اختر اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو ہر قسم کے استحصال سے پاک کرنا پاکستان عوامی تحریک کی منزل ہے۔ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے حقیقی استحکام کیلئے ساری قوم کو گھروں سے باہر نکلناہو گا۔ آئین کے آرٹیکل 62, 63 کا شعور ہر پاکستانی کو مل چکا ہے اس لئے آئندہ الیکشن 62, 63 اور آئین کے آرٹیکل 218-3 کے مطابق ہوں گے اور امیدواروں کو 30 دن کی سکروٹنی کے عمل سے بھی لازمی گزرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کسی اور رابطے کی بجائے عوام سے رابطے پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کا چیلنج ہے کہ اتنا بڑا پرامن مارچ اور تاریخی دھرنا کوئی اور پارٹی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔

ڈاکٹررحیق احمد عباسی نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ ڈنکے کی چوٹ پر عوام میں جا کر لڑیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top