آزاد کشمیر : منہاج ماڈل سکول میں محفل میلاد کا انعقاد
منہاج ماڈل سکول میرپور آزاد کشمیر کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جبکہ طلبہ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ منہاج نعت کونسل آزاد کشمیر کے حافظ عمیر اور محمد اشتیاق نے بالخصوص دف کے ساتھ نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ بعد ازاں طلبہ نے تقریری انداز میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شانوں کا تذکرہ اپنے اپنے انداز میں کیا۔
مہمان ِخصوصی پروفیسر محمد شفیق الرحمن پرنسپل مکی کالج نے سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تربیتی پہلو کو موضوع گفتگو بناتے ہوئے طلبہ کو بتایا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں منہاج ماڈل سکول جیسے مادر علمی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔ جس کی سرپرستی عالم اسلام کی عظیم علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی شخصیت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری فرما رہے ہیں۔
پرنسپل ادارہ حافظ احسان الحق نے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کو کلاس رومز کا وزٹ کرایا۔ طلبہ نے کلاس رومز کو جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر انتہائی خوبصورتی سے سجایا تھا۔ مہمانان گرامی کے فیصلہ کے مطابق جماعت دہم نے پہلی، جماعت نہم نے دوسری اور جماعت ششم اور ہفتم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کی صدارت ناظم تحریک منہاج القرآن میرپور محمد اکرام اظہر نے کی۔ نقابت کے فرائض مدرس ادارہ محترم حافظ لیاقت امین نے انتہائی خوبصورتی سے ادا کیے۔ ضیافت میلاد اور دعا سے پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
تبصرہ