اگر انتخاب تبدیلی لاتا دکھائی نہ دیا تو دوسرا راستہ اختیار کریں گے اور ظالموں کا صفایا کر دیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے زیراہتمام غریب دشمن نظام کے خلاف عوامی انقلاب مارچ و جلسہ عام دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں 17 فروری 2013 کو منعقد ہوا۔ جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ اس سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی انقلاب مارچ کی قیادت کی۔ فیصل آباد کے باسیوں نے مارچ کا عظیم الشان استقبال کیا۔ جلسہ میں خواتین و حضرات کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی انقلاب مارچ و جلسہ عام فیصل آباد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب کا آغاز ہمیشہ غریبوں سے ہوتا ہے اور سرمایہ والے ہمیشہ یکجا ہو کر انقلاب کے راستے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ سٹیٹس کو والی جماعتیں کبھی بھی نہیں چاہیں گی کہ ملک میں تبدیلی آئے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور کو ظالموں کے نظام نے کبھی حفاظت نہیں دی۔ تاریخ انبیاء سے لے کر انقلاب فرانس، انقلاب روس، انقلاب چین، ہر انقلاب اس کا گواہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میری جدوجہد عوام کے حقوق کے لیے ہے۔ آج دشمن بڑا مضبوط ہے، لیکن میری جدوجہد میں سب طاقتیں پانی کی طرح بہہ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت یوسف علیہ السلام کا انقلاب جب آیا تو دولت، ہوس اور اقتدار میں فرعون، ہامان، قارون آپ کے دشمن ہو گئے۔ ساتھ میں منتر پڑھنے والے جادوگر بھی فرعون کے ساتھ تھے۔ موسی علیہ السلام کا ساتھ بنی اسرائیل کی مظلوم قوم نے دیا۔ بالاخر موسیٰ علیہ السلام کامیاب ہو گئے اور فرعون غرق ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں، جب آج کا فرعون بھی غرق ہوگا۔ لوگو تم مایوس نہ ہونا، ان شاء اللہ روشن مستقبل طلوع ہوگا۔ یاد رکھو غریبوں کو مضبوط نظام نے کبھی حفاظت نہیں دی۔ آج میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ میں اکیلا نہیں، پاکستان کے غریب محکوم غریب عوام اور نوجوان میرے ساتھ ہیں۔ ہم ایک ساتھ جنگ لڑیں گے۔

ڈاکٹر قادری نے کہا کہ آج اس ملک میں ہر چیز طاقتور طبقہ کے پاس ہے، اشرافیہ کے پاس ہے، جاگیرداروں کے پاس ہے، ڈاکوؤں، چوروں اور لٹیروں کے پاس ہے۔ دوسری جانب غریبوں کا اس نظام نے کیا دیا ہے۔ اس نظام نے غریبوں کو فقرو فاقہ دیا ہے، بھوک دی ہے، خود سوزی دی ہے، بیروزگاری دی ہے، اندھیرے دیئے ہیں۔ بجلی اور گیس چھین لی گئی ہے۔ فیصل آباد صنعت و تجارت کا شہر ہے، جہاں بجلی غائب کر دی گئی ہے۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں یہ تقسیم ہے، ہمیشہ غریب عوام کے ساتھ تقسیم کا یہ عمل جاری ہے۔ اس نظام کی بوسیدہ دیواروں کو گرانے کے لیے میرے ساتھ عزم کرنا ہوگا۔ ہم ظلم، جبر اور استحصال کے خلاف لڑیں گے۔ ہم پرامن لوگ ہیں، ہمارے پاس امن کی طاقت ہے، لیکن امن جب بپھر جاتا ہے تو پھر ہر طاقت خس و خاشاک کی طرح بہہ جاتی ہے۔ اس تبدیلی کے لیے اگر نظام انتخاب ہماری راہ بنا تو ہم انتخاب لڑنے کا فیصلہ کریں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا الیکشن کمیشن غیر آئینی ہے، ہم غیر آئینی الیکشن کمیشن کو نہیں مانتے، نہیں مانتے، نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کے نتیجے میں آج الیکشن کمیشن جعلی ڈگریوں والوں کو نوٹس بھیج رہا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے فیصل آباد ڈویژن کے لیے ہائی کورٹ بنچ کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔

انقلاب مارچ فیصل آباد، لاکھوں شرکاء کا یادگار استقبال - جھلکیاں

  • ڈاکٹر طاہرالقادری کا قافلہ براستہ موٹروے فیصل آباد پہنچا
  • اہلیان فیصل آباد ڈاکٹر طاہرالقادری کے استقبال کے لیے صبح ساڑھے دس بجے سے سڑکوں پر موجود
  • انقلاب مارچ کا قافلہ ڈیڑھ بجے فیصل آباد شہر پہنچا، جگہ جگہ تاریخی استقبال
  • پھولوں کی پتیاں نچھاور، ڈھول کی تھاپ پر تحریکی ترانوں کی گونج، بھنگڑے
  • پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے زیراہتمام انقلاب مارچ تین گھنٹوں سے فیصل آباد شہر سے گزر رہا ہے
  • فیصل آباد شہر لانگ مارچ کا منظر پیش کرنے لگا
  • ڈاکٹر طاہرالقادری ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیتے رہے
  • دھوبی گھاٹ میں ہزاروں افراد صبح گیارہ بجے سے موجود
  • تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان پارٹی پرچم کے ساتھ جلسہ گاہ میں موجود
  • انقلاب مارچ کے شرکاء پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اٹھائے ہوئے
  • موٹروے ٹول پلازہ سے دھوبی گھاٹ تک اندرون فیصل آباد ٹریفک کے خصوصی انتظامات
  • ڈاکٹر طاہرالقادری کا خصوصی خطاب شام چھے بجے شروع ہونے کا امکان
  • شام چار بجے کوتوالی چوک پہنچنے پر تاریخی استقبال
  • کوتوالی چوک سے دھوبی گھاٹ تک قافلہ پیدل مارچ میں بدل گیا
  • شرکاء کی حفاظت کے لیے مقامی پولیس کے خصوصی حفاظتی انتظامات

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top