آزاد کشمیر: تحریک منہاج القرآن میرپور کے زیراہتمام میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

آزاد کشمیر: تحریک منہاج القرآن میرپور کے زیر اہتمام میلاد مصطفی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کی سعادت قاری نور حسین وقاص نے حاصل کی۔ پروگرام کی صدارت چیف ایگزیکٹو MSM محمد ارشد مغل کر رہے تھے۔ جب کہ نقابت کے فرائض سیکرٹری جنرل MSM محمد اویس مصطفوی نے سرانجام دیئے۔

محمد عمر مدنی، اس کے بعد حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ ناز میں ہدیہ ءِ درود و سلام کے پھول نچھاور کیے گئے۔ ثناء خوان حضرات میں محمد عمر مدنی، زبیر الحسن جرال اور منہاج نعت کونسل آزاد کشمیر کے ثناء خوان شامل تھے۔

 

بعد ازاں حاضرین محفل سے صاحبزادہ انوار المصطفی ہمدمی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا حضور  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی اپنی پوری زندگی انقلابی جدوجہد میں گزری او ر آپ  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کا لایا ہوا انقلاب کوئی جزوی نوعیت کا نہیں تھا بلکہ کلی نوعیت کا تھا جس نے زندگی کے ہر شعبہ کے حوالے سے عملی طور پر راہنمائی موجود تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ افسوس امت مسلمہ کے طبقات ابھی تک حضور  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے مقام اور علم غیب پر الجھے ہوئے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حضور  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کا مقام و علم ہمارے احاطہءِ علم میں نہیں آسکتا۔ وہ بہت بلند و بالا ہے اور حضور  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کا میلاد منانا عین توحید ہے۔ فتوے لگانے والے اپنا وقت ضائع کرتے ہیں۔ حضور  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے ذکر کی بلندی کا وعدہ تو اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں کر دیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ دین اسلام صرف ثواب جمع کرنے کا نام نہیں بلکہ انقلابی فکر اجاگر کرنے کا نام بھی ہے اسی انقلابی فکر کے احیاء کیلئے جگر گوشہ رسول  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنا سر کٹوایا اور قرآن کی عظمت و فکر کے لئے پرچار کرنے کا درس دیا اور اتنی بڑی قربانی دی کہ رہتی دنیا تک اس کی کوئی مثال پیش نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسی مصطفوی اور حسینی فکر کے پر چار کیلئے کوشاں ہیں اور انکی کوششیں ضرور ثمر آور ہوں گی۔

 

اس میلاد کانفرنس میں پروفیسر محمد حسین، پروفیسر امام بخش، پروفیسر طفیل ملک، وحید ایڈووکیٹ، حافظ احسان الحق، ظفر اقبال طاہر، حاجی سیف الدین، چوہدری الیاس ملنگی، زبیر مجددی، سعید خان، بابر مغل، مرزا مقصود احمد، فیصل حسین، وقاص خلیل اور منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے احباب نے بطور خاص شرکت کی اور پروگرام کو کامیاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آخر میں حضور  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سلام ودعائیہ کلمات کے ساتھ کانفرنس کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top