ڈنمارک: منہاج القرآن کے زیر اہتمام بچوں اور فیملیز کے لئے میلاد کوئز

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر انتظام مورخہ 15 فروری 2013 کو بچوں، نوجوانوں اور فیملیز کے لئے ایک خصوصی پروگرام ترتیب دیا جس کا مقصد بچوں میں قرآن کریم اور آقاء نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ یاد رہے کہ منہاج القرآن ڈنمارک کے شعبہ تعلیمات کے زیر انتظام چلنے والے اداروں میں پانچ سو سے زیادہ طالبعلم مختلف لانگ اور شارٹ کورسزاور روزانہ کی بنیاد پر ناظرہ، حفظ، اسلامیات، اردو اور احادیث مبارکہ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

پروگرام میں بچوں کی کثیر تعداد نے اپنے والدین کے ہمراہ شرکت کی،ننھے منے، معصوم اور خوبصورت بچے اور بچیاں رنگ برنگے ملبوسات میں ملبوس بچے اپنے محبوب آقاء کے میلاد کی خوشی میں پر جوش نظر آتے تھے۔ بچے اس لئے بھی پر جوش تھے کہ اس پروگرام میں ان بچوں کے تعلیمی سال کے امتحانات کا اعلان بھی کیا جانا تھا۔میلاد کے عمومی پروگراموں سے ہٹ کر یہ پروگرام اس طرح ترتیب دیا گیا تھا کہ بچے مقابلے کے اندازمیں دین مبین کی بنیادی باتیں سیکھیں، اس پروگرام کی ایک اور خصوصیت دو ننھے بچوں فاطمہ اور سعد کی نئے انداز سے بیک وقت تلاوت تھی۔ دو بچوں کا ایک ہی سورت ایک ہی وقت میں تلاوت کرنا اورنہایت نظم میں تلاوت کرنا اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ اس کے علاوہ بھی کافی بچوں نے باری باری سٹیج پر آکر تلاوت پیش کی۔

بچوں کے اساتذہ میں شعبہ حفظ کے سربراہ قاری ندیم اختر اور شعبہ تعلیمات کے علامہ فیض رسول، قاری ظہیر احمد، علامہ عبدالستار سراج، محترمہ ناہید سراج، محترمہ ثوبیہ اور بچوں کی ہر دلعزیز آنٹی نفیس فاطمہ کے علاوہ منہاج القرآن ڈنمارک کے شعبہ تعلیمات کے سربراہ عامر فاروق اور حافظ سجاد احمد کے علاوہ راجہ یٰسین بھی سٹیج پر موجود تھے۔ تلاوت کرنے والے درجنوں بچوں میں دانیال، نعمان، سعد، حمزہ نمایاں تھے۔ انیتا اور ان کی ساتھی نے حسبی ربی جل اللہ، عنائیت، عائشہ اور مریم نے نعت آمنہ کے دل کا ٹکڑا، مریم،عمیرہ اور آمنہ نے نعت کرم کرم مولا، خدیجہ سجاد نے نعت اچیاں اچیاں شاناں میرے سوہنے دیاں پیش کیں جبکہ گروپ کی صورت میں بھی خوبصورت نعتیں پیش کی گئیں۔

نعتوں کے بعد کوئز کا آغاز ہوا جس میں بچوں سے نمازوں، انبیاء،قرآن اور دیگر موضوعات پر سوالات پوچھے گئے۔ کوئز پروگرام کے اختتام پرحمزہ یوسف نے قرآن کے اس پیغام پر جب اللہ کی نعمت ملے تو خوشی کا اظہار کرو اور اس کائنات کی سب سے بڑی نعمت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں پر گفتگو کی۔ حمزہ یوسف نے حاضرین کو بتایا کہ آج کے اس دور فتن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں منہاج القرآن عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عام کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

اس کے بعد تعلیمی سال کے نتائج کا اعلان کیاگیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو تالیوں کی گونج میں باری باری سٹیج پر بلا کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ آخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے امیر علامہ عبدالستار سراج نے اس پروگرام میں شرکت کرنے والے والدین کا شکریہ ادا کیا اوربچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالہ سے والدین کی راہنمائی کی۔ اختتامی دعا کے بعد بچوں اور ان کی فیملیز کو کھانا پیش کیاگیا۔

رپورٹ: محمد منیر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top