مظفر آباد : یوم تجدید عہد کی پروقار تقریب

مظفرآباد میں 19 فروری 2013ء کا دن یوم تجدید عہد کے طور پر منایا گیا۔ اس حوالے سے ایک نہایت پروقار تقریب سہ پہر 4 بجے بلال کمپلیکس بالمقابل مرکزی دفتر تحریک منہاج القرآن مظفرآباد منعقد کی گئی، جس میں شہر کی چنیدہ معزز شخصیات اور خواتین نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزادکشمیر خواجہ عبدالرحمان نے کی، جبکہ نقابت کے فرائض نائب صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد صاحبزادہ محمد عتیق یاسر منہاجین نے ادا کیے۔

محفل کا آغاز قاری محمد یوسف قاسمی الازہری (قاری قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر) نے تلاوت کلام مجید سے کیا۔ ہدیہ نعت کی سعادت سیدہ سائرہ انجم نے حاصل کی۔ استقبالیہ کلمات الحاج عبدالصمد چشتی سابق نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزادکشمیر نے ادا کیے اور حاضرین مجلس کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

استقبالیہ کلمات کے فوراً بعد ’ایک قائد ایک تحریک‘ کے عنوان سے دس منٹ کا نہایت جامع اور پراثر پیغام حاضرین محفل کو بذریعہ ملٹی میڈیا دکھایا گیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی کے ماہ و سال اور انقلابی فکر کے مدارج بزبان قائد انقلاب بیان ہوئے۔ معاًبعد سابق صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد جناب محمد پرویز قریشی نے ’’عرفان القرآن کے امتیازی اوصاف‘‘ کے عنوان پر دس منٹ گفتگو کی۔ اس کے بعد وقفہ برائے نماز عصر ہوا۔

تقریب کی نشست دوم کا آغاز محترمہ پلوشہ خان نے نعت رسول مقبول  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  سے کیا۔ بعد از ثنائے مصطفی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کنوینیر علماء کونسل تحصیل مظفرآباد علامہ محمد حسن حقانی نے ’’شیخ الاسلام اور عشق رسول  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ‘‘ کے عنوان سے مقالہ پیش کیا جسے حاضرین نے اشتیاق سے سنا۔ مقالہ کے بعد محمد علی رضا نے نعت رسول مقبول  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  پیش کی جس کے بعد سرپرست تحریک منہاج القرآن ضلع ہٹیاں علامہ محمد اسحاق نقوی نے ’’شیخ الاسلام کی مذہبی، سیاسی ،سماجی اور ملی خدمات‘‘ کے حوالے سے نہایت مدلل اور پر مغز مقالہ پیش کیا۔ مقالہ کے بعد تحریک منہاج القرآن کے زیر انتظام ملک بھر میں منعقد شدہ تقاریب کی جھلکیاں بذریعہ ملٹی میڈیا پیش کی گئیں۔

کمپلیکس کے باہر شیخ الاسلام کی کتب کا ایک بھرپور سٹال بھی لگایا گیا جس میں حاضرین محفل نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں 23 دسمبر 2012 کے فقیدالمثال اجتماع اور 14 جنوری 2013 کے تاریخ ساز عوامی مارچ اور دھرنے کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے رفقاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ بعد ازاں مرکزی نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزادکشمیر جناب خواجہ عبدالرحمان نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے شیخ الاسلام کے ساتھ تجدید عہد کے لیے منعقد کی گئی تقریب کے کامیاب انعقاد پر صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد میاں عبدالرزاق قادری اور ناظم تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد فیصل جمیل کاشمیری کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موؤمنٹ، علماء کونسل اور ویمن لیگ کے جملہ عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

محفل کے اختتام پر سانحہ کوئٹہ کے شہداء، شہدائے کشمیر، افواج پاکستان اور ملکی سالمیت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ بعدازاں ریفریشمنٹ سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top