ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت
واقعہ میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پشاورمیں ہونے والے بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے بدترین دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں۔ اسلام میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ایسے عناصر انسانیت کے قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ انتہا پسندی کی آ گ میں جل رہا ہے اور اسکے خاتمے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ حکومت ہاتھوں سے مصلحت کے دستانے اتارنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی روایت کا اٹھنا ایک المیہ سے کم نہیں۔ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی ملی و قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم سازش ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے پشاور بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی اورشہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی پشاور میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ واقعہ میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
تبصرہ