الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری اور آزادانہ حیثیت 18 کروڑ عوام کی نگاہوں میں مشکوک ہوگئی ہے: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 11 مارچ 2013ء

17 مارچ کو لیاقت باغ کے تاریخی گراؤنڈ کا جلسہ ملک میں مثبت و تعمیری سیاست اور حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوگا۔ اگر الیکشن 62,63 پر عمل کرتے ہوئے صاف و شفاف اور آزادانہ ہوتے دکھائی نہ دیئے تو ہم اس انتخابی نظام کے خلاف عوامی جدوجہد کو جاری رکھیں گے: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن ہماری مجبوری ہے نہ کاروبار اگر الیکشن 62,63 پر عمل کرتے ہوئے صاف و شفاف اور آزادانہ ہوتے دکھائی نہ دیئے تو ہم اس انتخابی نظام کے خلاف عوامی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ الیکشن کمیشن کے اب تک کے اقدامات اور کمزور فیصلوں سے اس کی غیر جانبداری اور آزادانہ حیثیت 18 کروڑ عوام کی نگاہوں میں مشکوک ہوگئی ہے اور یوں لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن چند ایک سیاسی جماعتوں کے دباؤ میں آ کر کرپٹ سیاست کو جتوانے اور ریاست پاکستان کو ہروانے کی سازش کا حصہ بنتا جارہاہے۔ ڈگریوں کے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے پسپائی کے بعد الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی کے نئے فارم سے بھی پیچھے ہٹتا نظر آرہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک سینٹر گلفشاں کالونی فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر تحریک سید ہدایت رسول قادری، صدر PAT پنجاب چوہدری بشارت جسپال، انجینئر محمد رفیق نجم، رانا طاہر سلیم، میاں عبدالقادر، چوہدری سخاوت صغیر، میاں کاشف محمود، رانا نثار شہزاد، حاجی امین القادری، عزیزالحسن اعوان، عبدالجبار بٹ، میاں امجد قادری، ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری بھی موجود تھے۔ رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر ملک و قوم کا سودا ہو رہا ہے کروڑوں غیور عوام آمرانہ جمہوریت کی چھتری تلے ہونے والے مک مکا کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ 17 مارچ کو لیاقت باغ کے تاریخی گراؤنڈ کا جلسہ ملک میں مثبت و تعمیری سیاست اور حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جلسہ میں قوم کے سامنے اہم حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top