اسلام آباد، پاکستان عوامی تحریک کی پریس کانفرنس

مورخہ: 14 مارچ 2013ء

17مارچ کو ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ کی حکمت عملی کااعلان کریں گے

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر شاہد شنواری، جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر، آرگنائزر انصارملک اور سیکرٹری اطلاعات شمریزاعوان نے کہا ہے کہ 17مارچ کے جلسے میں پوری قوم اہم علان سنے گی، اس موقع پر عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، انتخابات پرانے نظام کے تحت ہوئے تو پاکستان کے حالات اس سے بھی بدتر ہو جائیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ جب تک انتخابی اصلاحات نہ کی گئیں انتخابات بے معنی ہوں گے اور اس فرسودہ نظام کے تحت ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پھر وہی آزمائے ہوئے چہرے کرپٹ عناصر ہی پارلیمنٹ کاحصہ بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کے ا کثر علاقوں میں ہمارے بینرز، پوسٹرزاتاردئیے گئے اور وال چاکنگ مٹا دی گئی ہے، اس کے باوجود کارکنان اور راولپنڈی کے عوام کے حوصلے بلند ہیں، راولپنڈی اور اسلام آبادکے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کا پرجوش استقبال کرکے ثابت کر دیں گے کہ پوری قوم اس نظام کومسترد کرچکی ہے، عوام کرپٹ اور آزمائے ہوئے چہروںسے تنگ آچکے ہیں پوری قوم اب تبدیلی کی خواہاں ہے۔ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے سے متفق ہے اور تبدیلی کی خواہش رکھنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔

سانحہ بادامی باغ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے گھروں کو جلانا درندگی ہے اور یہ واقعہ حکومت پنجاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی کانتیجہ ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ملک میں رائج کرپٹ سیاسی نظام کو ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے اور موجودہ کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے ملک میں بری سرجری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، نیب، الیکشن کمیشن آف پاکستان، نادرا، ایف آئی اے اور دیگر اداروں پر مشتمل بنائی گئی کمیٹی کے ذریعے امیدواروں کی چھان بین ضروری ہے۔ اگر آرٹیکل 62، 63 اور 218کے نفاذ کے بغیر الیکشن ہوتے ہیں تو بے مقصد اور غیر شفاف ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی تضحیک کرنے والوں کو رعایت دینے کی بجائے شفاف الیکشن کے عمل سے نکال باہر کرنا ہو گا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کی تشہیری مہم بھی الیکشن کمپین کاحصہ ہے۔ پری پول رگنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نظام انتخابات میں اصلاحات کیلئے کوشاں ہے تا کہ ملک میں حقیقی معنوں میں شفاف انتخابات کا عمل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا اعلان پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری17مارچ کو راولپنڈی کے جلسے میں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن ہمارے ایجنڈے کے مطابق ڈیمانڈ کیں تو مفاد پرست مک مکا والے الیکشن کمیشن کے خلاف صف آراہوگئے اور الیکشن کمیشن پر دبائو ڈال دیاگیا، الیکشن کمیشن بھی ان کے دبائو میں آکر اپنی ترجیحات بدلنے پر مجبورہوگیا ہے ایسے حالات میں الیکشن کمیشن منصفانہ انتخاب نہیں کراسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک بدعنوان حکمران موجود ہیں دہشت گردی جاری رہے گی۔

رپورٹ: غلام علی خان، میڈیا سیکرٹری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top