گجرات: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا یونیورسٹی آف گجرات میں نئے آنے والے طلبہ کے لیے ویلکم پارٹی کا انعقاد
گجرات: مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ یونیورسٹی آف گجرات کی طرف سے سال 2012-2013 کے نئے آنے والے طلباء کو یونیورسٹی میں خوش آمدید کہنے کے لیے ویلکم پارٹی دی گئی۔ اس پارٹی میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابقہ صدر تنویر خان اور ڈپٹی جنرل سکٹریری مصطفوی سٹوڈبنٹس مومنٹ وحید مصطفوی نے شرکت کی۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ یونیورسٹی آف گجرات کے صدر شکیل وڑائچ نے مصطفوی سٹوڈبنٹس مومنٹ یونیورسٹی آف گجرات کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ اس کے علاوہ تنویر خان اور وحید مصطفوی نے اپنے اپنے انداز طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی میں خوش آمدید کہا اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا مقصد طلباء کے دلوں میں محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع روشن کرنا ہے۔ طلباء ہی ملک میں حقیقی اور درست تبدیلی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدنصیبی ہے کہ اس پر ہمیشہ سے شخصی آمریت کا قبضہ رہا ہے۔ کہیں یہ آمریت مارشل لاء کی صورت میں ظہور پذیر ہوتی ہے اور کبھی یہ جمہوری آمریت کی صورت میں نمایاں نظر آتی ہے۔ طلباء اس ملک کا سرمایہ ہیں۔ یہ طلباء ہی تھے جن کی کوششوں سے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور یہی طلباء اس ملک میں حقیقی مصطفوی تبدیلی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے طلباء کو بتایا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قیام کا مقصد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حقیقی اسلامی جمہوریت قائم کرنا ہے جس کی اساس نظام مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہو۔ جس میں کرپٹ، ظالم اور جابر لوگوں کے لیے کوئی جگہ نہ ہو۔ اور یہ حقیقی تبدیلی تب ہی ممکن ہے جب اس ملک کے طلباء یک جان ہو کر اس عظیم مقصد کے لیے جدوجہد کریں۔ تقریب کے اختتام پر طلباء کی تعلیم و ترقی اور ملک کی سلامتی اور قیام امن کے لیے دعا کی گئی۔ اس تقریب میں نئے آنے والے طلباء کی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
تبصرہ