زاہدشنواری، ابرار رضا ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر اور دیگر کاموٹر سائیکل ریلی سے خطاب

مورخہ: 15 مارچ 2013ء

17 مارچ لیاقت باغ راولپنڈی میں ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کے سامنے اہم حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔
الیکشن کمیشن اگر خود کو آزاد اور غیرجانبدار ثابت کرنا چاہتا ہے تو اسے خود کو با اختیار بھی بنا نا ہو گا۔

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر شاہد شنواری، صدر تحریک منہاج القرآن ابرار رضا ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک اسلام آباد غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ انتخابی سیاست پاکستان عوامی تحریک کی مجبوری ہے نہ پیشہ۔ اگر آنے والے انتخابات آئین کے آرٹیکلز 62,63 پر عمل کرتے ہوئے صاف و شفاف اور آزادانہ نہ ہوئے تو پاکستان عوامی تحریک کی اس فرسودہ انتخابی نظام کے خلاف عوامی جد وجہد اسی زور و شور سے جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر شاہد شنواری، صدر تحریک منہاج القرآن ابرار رضا ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز 17 مارچ کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں نکالی گئی ریلی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی جی الیون مرکز سے شروع ہو کر پریس کلب اسلام آباد میں اختتام پذیرہوئی، شرکاء نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے حق میں لکھے گئے نعروں والے کتبے اٹھائے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جس کی تشکیل پر پاکستان عوامی تحریک کے اور ہر محب وطن آئین اور قانون کو سمجھنے والے پاکستانی کے تحفظات موجود ہیں کے کمزور فیصلوں سے اسکی غیر جانبداری اور آزادانہ حیثیت 18 کروڑ عوام کی نگاہوں میں بھی مشکوک ہو گئی ہے اور یوں لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن چند ایک سیاسی جماعتوں کے دباؤ میں آ کر کرپٹ سیاست کو جتوانے اور ریاست پاکستان کو ہروانے کی سازش کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔

جعلی ڈگریوں کے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے پسپائی کے بعد الیکشن کمیشن اپنی با اختیار حیثیت گنوا بیٹھا ہے۔اس موقع پرنائب صدر عوامی تحریک طارق یوسف، ناظم تحریک عرفان طاہر، آرگنائزر انصار ملک، فاروق بٹ، عثمان امین، شمریز اعوان، غلام علی خان، اور دیگر کارکنان بڑی تعدادمیں موجود تھے بھی موجود تھے۔ شاہد شنواری اور ابرار رضا ایڈوکیٹ نے کہا کہ پچھلے 65 برسوں سے ٹیکس چور، کرپٹ اور نااہل سیاستدان سازشوں کے ذریعے ملک کو پارہ پارہ کرنے میں کوشاں ہیں۔ ملک کی سا لمیت خطرے میں ہے، قوم میں تفریق کے سوالات پیدا ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر خود کو آزاد اور غیرجانبدار ثابت کرنا چاہتا ہے تو اسے خود کو بااختیار بھی بنا نا ہو گا۔ نئے نامزدگی فارم سمیت 62,63 اور آرٹیکل 218 پر سمجھوتہ الیکشن کمیشن کا کچھ نہیں چھوڑے گا۔ پوری قوم عذاب میں مبتلا ہے ایسے میں اپاہج الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات کرانا کرپشن کو تحفظ دینے اور ملک توڑنے کے مترادف ہو گا۔ فخرالدین جی ابراہیم عمر بھر کی نیک نامی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ اگر وہ شفاف الیکشن کرانے کے اہل نہیں تو انہیں بھی مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 17 مارچ کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسے میں ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کے سامنے اہم حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک لیاقت باغ میں تاریخی عوامی اجتماع میں یہ پیغام دے گی کہ کروڑوں غیور عوام آمرانہ جمہوریت کی چھتری تلے ہونے والے مک مکا کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ لیاقت باغ کے تاریخی گراؤنڈ کا جلسہ ملک میں مثبت اور تعمیری سیاست اور حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ اس فرسودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ یہ نظام ملک کے غریبوں کی تقدیر سے کھیل رہا ہے۔ ساری قوم کو اس کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہو گی یہ نظام باکردار قیادت کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top