منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں دنیا بھرکی طرح ہانگ کانگ میں بھی عقیدہ محبت وعشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور عظمت وشان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرچار کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ اسی سلسلہ میں ناتوک سٹی میں ایک عظیم الشان عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ نے کیا۔
کانفرنس میں کثیرتعداد میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز قاری صابر حسین صابری نے خوبصورت ا نداز میں تلاوت کلام مجید سے کیا، قیصر محمود، عبدالمجید قادری، حاجی ارشد محمود، قاری قدرت اللہ سلطانی اور حسن امام نے نہایت احسن انداز میں بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محمد حارث علی نے اسمائے حسنیٰ پیش کئے۔
علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان امیت کے حوالہ سے خصوصی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام علوم عطا فرمائے اورمعلم انسانیت بنا کر مبعوث فرمایا۔ آج دنیا کے جتنے علوم وفنون موجود ہیں یا قیامت تک ہوں گے یہ سب خیرات ہے علم مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن آج کے دور میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اجاگر کررہی ہے۔
حافظ تنویر حسین شاہ نے خوبصورت انداز میں نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ علامہ احمد جمال ناصر کی خصوصی دعا سے محفل اختتام پذیر ہوئی۔اس محفل کے اہتمام اور اسے کامیاب بنانے میں واجد خان، حاجی مسکین، حاجی محمد یعقوب اور رفقاء نے خصوصی تعاون کیا۔
رپورٹ: حافظ محمد نسیم نقشبندی
تبصرہ