بارسلونا: عالمی امن فیڈریشن کی کانفرنس، محمد اقبال چوہدری کو سفیر امن کا خطاب
اقوامِ متحدہ میں مشاورتی ادارہ کے سٹیٹس کی حامل بین الاقوامی تنظیم "عالمی امن فیڈریشن" نے 16مارچ 2013 کو بارسلونا میں "قیام امن کے لیے اسلامی کمیونٹی کا کردار " کے عنوان پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں مذکورہ تنظیم کے ہسپانوی عہدیداران، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر ظل حسن قادری، ڈیلی دوست (آن لائن اخبار)کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر قمر احسان اور دیگر سماجی تنظیمات کے سربراہان نے شرکت کی۔
کانفرنس میں منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے عالمی امن کے قیام میں مسلمانوں کے کردار پر تفصیلی لیکچر دیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل عالمی سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری کی قیادت میں دنیا کے 90سے زیادہ ممالک میں بلا تفریق رنگ و مذہب فروغ اخوت و بھائی چارہ اور قیام امن کے لیے کوشاں ہے اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے فتویٰ کا بھی تذکرہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ کہ دین اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے جس کا اظہار تمام مسلمان ایک دوسرے سے ملتے وقت "السلام علیکم "اور "وعلیکم السلام "کی صورت میں پیش کرتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے دین اسلام میں خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کی تفصیلات بھی بتائیں،محمد اقبال چوہدری نے بتایا کہ مسلمانوں کی کتاب قرآن مجید صرف آیات و عبارات کا مجموعہ نہیں بلکہ اس میں بہت سے سائنسی علوم بھی موجود ہیں ۔
لیکچر کے بعد محمد اقبال چوہدری نے کانفرنس میں موجود شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔ ایک سوال کے جواب میں محمد اقبال چوہدری نے بتایا کہ مسلمان نہ صرف قرآن پر بلکہ قرآن مجید سے پہلے نازل ہونے والی تمام آسمانی کتابوں پر اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے مبعوث ہونے والے تمام انبیاء کرام پر ایمان رکھتے ہیں، انہوں نے شرکاء کانفرنس کو بتایا کہ باقی آسمانی کتابو ں میں بہت سی باتیں تخریف شدہ ہیں جبکہ قرآن مجید اپنی اصلی حالت میں دنیا بھر میں موجود ہے اور اس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے لیا ہے ۔ خواتین کے حقوق کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بہت سے ترقی یافتہ اور یورپین ممالک میں خواتین کو گزشتہ صدی میں حقوق دیے گئے جبکہ اسلام میں خواتین کو 1500پہلے انکے تمام حقوق دے دیے گئے، انہوں نے ایک حدیث کا حوالہ دیا جس کے مطابق اپنی بیٹیوں کی اچھی تربیت کرنے والے والد کے لیے جنت کی ضمانت دی گئی ہے ۔لاہور میں سانحہ بادامی باغ کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد اقبال چوہدری نے بتایا کہ ہم اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس میں متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ وہاں کی مقامی انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔
اس موقع پر محمد اقبال چوہدری نے تحریک منہاج القرآن کے بین الاقوامی نیٹ ورک، تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں اورقیام امنِ عالم کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کا تذکرہ بھی کیا، انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کو بھی اقوامِ متحدہ میں مشاورتی تنظیم کا درجہ حاصل ہے اور ہماری تنظیم (منہاج القرآن) دنیا بھر میں قیام امن اور فروغ اخوت کے لیے سرگرمِ عمل ہے، انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے لیکچرز اور کتابوں پر اربوں روپے کما سکتے تھے مگر وہ تحریک کے قیام سے اب تک خدمتِ انسانیت کے جذبہ کے تحت تمام خدمات فی سبیل اللہ سرانجام دے رہے ہیں۔
کانفرنس کے اختتامی حصہ میں آرگنائزر تنظیم کی طرف سے محمد اقبال چوہدری کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے پلیٹ فارم سے انسانیت کی فلاح و بہبود اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے مابین بھائی چارہ کی فضاء کو فروغ دینے کے لیے سرانجام دی جانے والی خدمات کے صلہ میں سفیر امن Embajador de la Pazکا خطاب دیا گیا اور عالمی امن فیڈریشن کے بانی ڈاکٹر Sun Myung Moonنے انہیں سفیر امن کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔
تبصرہ